کانگو میں باغیوں کا حملہ پسپا کر دیا: آئی ایس پی آر
اسلام آباد+ راولپنڈی (سٹاف رپورٹر+ نیوز ایجنسیاں + اے ایف پی) پاک فوج نے کانگو میں دہشتگرد گروپ کے حملے میں اقوام متحدہ کے امن مشن میں شامل ایک نائیک نعیم رضا کی شہادت اور دوسرے سپاہی بلال کے زخمی ہونے کی تصدیق کر دی۔ پاکستانی اہلکاروں کی موثر جوابی کارروائی سے مسلح باغیوں کا حملہ پسپا کردیا۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق جنوبی صوبہ کیوو کے علاقہ براکا میں مسلح باغیوں نے پاکستانی امن مشن کے قافلے پر حملہ کیا، فائرنگ کے تبادلے میں نائیک نعیم رضا شہید اور سپاہی بلال زخمی ہوگیا۔ اقوام متحدہ امن مشن میں پاکستان کے 156 اہلکار شہید ہوچکے ہیں۔ ادھر اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انٹونیوگوئٹرس نے پاکستانی فوجی کی شہادت پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ میں پاکستانی حکومت، عوام اور شہید فوجی اہلکارکے خاندان سے دلی تعزیت کرتا ہوں، زخمی فوجی اہلکارکی جلد صحت یابی کیلئے دعاگو ہوں۔ حملہ کرنے والے دہشتگردوں کو فوری انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے۔ کانگو کی حکومت کے ساتھ تنائو کے باوجود ملک کے سکیورٹی چیلنجز سے نمٹنے کی کوششیں جاری رکھی جائیں گی۔
تصدیق