ہماری پالیسیاں سیاست سے بالاتر، جمہوریت قائم رہی تو ملک ترقی کرے گا: شاہد خاقان
کراچی(اسٹاف رپورٹر) وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے جمہوریت آگے بڑھتی رہے گی، جولائی میں الیکشن ہوں گے ، عوام جسے منتخب کریں گے وہ حکومت بنائیگا، ملک کی ترقی کیلئے ضروری ہے جمہوریت کا تسلسل جاری رہے اور پالیسیاں سیاست سے بالاتر ہوں، سی پیک انتہائی اہم منصوبہ، اس کی تکمیل سے پاکستان کے ساتھ خطہ بھی ترقی کرے گا، کراچی ملک کا دل اور معاشی حب ہے، کراچی کی ترقی کے لیے وفاقی حکومت ہر ممکن تعاون کرے گی، لیاری ایکسپریس وے کی تکمیل سے کراچی کے شہریوں کو سفری سہولیات میسر ہوں گی۔ وہ کراچی میں لیاری ایکسپریس وے منصوبے کے شمالی حصے کی افتتاحی تقریب سے خطاب کررہے تھے۔ اس موقع پر گورنر سندھ محمد زبیر، وزیر اعلی سندھ سید مراد علی شاہ، وفاقی وزیر مواصلات ڈاکٹر حافظ عبدالکریم، وزیر مملکت برائے اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب، وزیر مملکت برائے پٹرولیم جام کمال، وزیر اعظم کے مشیر برائے خزانہ مفتاح اسماعیل، میئر کراچی وسیم اختر، کور کمانڈر کراچی، ڈی جی رینجرز، ڈی جی ایف ڈبلیو او، چیئرمین نیشنل ہائی وے اتھارٹی اور دیگر اعلی حکام موجود تھے۔ چیئرمین این ایچ اے نے وزیر اعظم کو اس منصوبے کی تفصیلات پر بریفنگ دی اور بتایا لیاری ایکسپریس وے 38 کلو میٹر ہے، اس کی تعمیراتی لاگت 10 ارب روپے ہے اور اس منصوبے میں چار انٹرچینج اور 20 پل شامل ہیں۔ اس منصوبے کی تکمیل کے بعد کراچی میں ٹرانسپورٹ کا مسئلہ حل ہونے میں کافی مدد ملے گی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا مجھے آج اس منصوبے کا افتتاح کرتے ہوئے خوشی ہو رہی ہے۔ 15 برس سے سن رہا تھا یہ منصوبہ مکمل ہو گا لیکن ڈی جی ایف ڈبلیو او اور چیئرمین این ایچ اے کے کوششوں سے یہ منصوبہ مکمل ہوا۔ اس منصوبے سے کراچی کے شہریوں کو سفری سہولیات ملیں گی۔ ایف ڈبلیو او بہت سے منصوبوں پر کام کر رہی ہے۔ ڈی جی ایف ڈبلیو او کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔ وزیر اعظم نے کہا کہ لیاری ایکسپریس کے منصوبے میں بہت سی مشکلات تھیں۔ تجاوزات اور آباد کاری بڑا مسئلہ تھا۔ لیکن گورنر سندھ محمد زبیر اور وزیر اعلی سندھ سید سید مراد علی شاہ کی کاوشوں سے یہ منصوبہ مکمل ہوا۔ انہوں نے کہا تجاوزات کو ہٹانا مشکل کام ہوتا ہے۔ بہت سی قانونی مشکلات ہوتی ہیں۔ لیاری ایکسپریس وے کا منصوبہ ساڑھے پانچ ارب روپے تھا، جو 10 ارب روپے میں مکمل ہوا۔ منصوبے میں تاخیر ہو تو اس کی لاگت بڑھ جاتی ہے۔ تاخیر اپنی جگہ لیکن آج 15 سال بعد یہ منصوبہ مکمل ہو گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایم نائن موٹر وے بھی تعمیر کے آخری مراحل میں ہے۔ مسلم لیگ (ن) کی حکومت جو منصوبہ شروع کرتی ہے، وہ اپنے دور میں ہی مکمل کرتی ہے۔ روایات تو یہ ہے کہ ایک منصوبہ ایک حکومت شروع کرتی ہے اور تیسری حکومت میں یہ مکمل ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا موجودہ حکومت کے دور میں 17 سو کلو میٹرز 6 لائن موٹر ویز تکمیل کے آخری مراحل میں ہیں۔ ان کی تکمیل سے ملک کی معیشت اور مضبوط ہو گی۔ وزیر اعظم نے کہا کہ جب میں ڈیووس کے دورے پر تھا تو ترقی یافتہ ممالک کے حکام نے مجھ سے پوچھا آپ لوگ کس طرح ایک سال میں اتنی بڑی موٹرویز تعمیر کر رہے ہیں۔ تو میں نے ان کو بتایا یہ ہمارے ٹیم ورک اور مشترکہ کوششوں کا نتیجہ ہے۔ انہوں نے کہا موجودہ حکومت کی کوشش ہے تمام منصوبے بروقت مکمل کیے جائیں۔ وزیر اعظم نے کہا کہ لیاری ایکسپریس وے کی تکمیل سے کراچی میں ٹرانسپورٹیشن کا مسئلہ حل ہو گا۔ کراچی پاکستان کا دل‘ ملک کا معاشی حب ہے۔ وفاقی حکومت کراچی کی ترقی کے لیے بھرپور کوشش کر رہی ہے۔ وفاقی حکومت نے کراچی کی ترقی کے لیے 25 ارب روپے کا پیکیج دیا ہے اور گورنر سندھ اس پیکیج کی نگرانی کر رہے ہیں۔ ہم کراچی میں مزید اسپتال اور سڑکیں بنائیں گے اور کراچی کی ترقی کے لیے وفاقی حکومت ہر ممکن تعاون کرے گی۔ سندھ حکومت اور شہری حکومت بھی کراچی کی ترقی کے لیے اچھا کام کر رہی ہے۔ شہر کی ترقی کے لیے کوئی سیاسی جنگ نہیں۔ سب کو مل کر اپنا حصہ ڈالنا ہو گا۔ انہوں نے کہا کراچی ترقی نہیں کرے گا تو پاکستان بھی ترقی نہیں کرے گا۔ میں نے مشیر خزانہ مفتاح اسماعیل کو ہدایت کی ہے وہ کراچی کی ترقی کے لیے وفاق کی جانب سے ہر ممکن تعاون کے لیے سندھ حکومت اور دیگر اداروں سے رابطے میں رہیں۔ وزیراعظم نے کہا حکومت جو بھی بنائے، ملک کی ترقی اور خوش حالی کے لیے جاری پالیسیاں اور منصوبے سیاسی تبدیلی سے بالاتر ہونے چاہئیں۔ سیاسی نظام چلتا رہے گا تو ملک ترقی کرے گا۔ جمہوریت کے تسلسل سے ہی پاکستان کی ترقی وابستہ ہے۔ وزیر اعظم نے کہا سی پیک انتہائی اہم منصوبہ ہے۔ سی پیک منصوبے کے تحت سڑکیں، بندرگاہیں، ایئرپورٹ، اکنامک زون کی تعمیر اور ریلوے کی نظام کی بہتری کے لیے کام جاری ہے۔ سی پیک کی تکمیل سے روزگار کے مواقع بڑھیں گے اور ملک میں خوش حالی آئے گی۔ مجھے یقین ہے ملک میں ترقی کا سلسلہ جاری رہے گا، ہماری کوشش ہونا چاہئے کہ ہم ملک کی ترقی میں اپنا بھرپور کردار ادا کریں۔ وزیراعظم نے کہا بدقسمتی ہے کراچی کی عوام کو اس ٹریک کے لئے 10 سال انتظار کرنا پڑا، منصوبوں میں تاخیر کی قیمت ادا کرناپڑتی ہے جس سے اس کی لاگت میں اضافہ ہوا، سی پیک پر کام تیزی سے جاری ہے جس سے ہماری معیشت مضبوط ہوگی، کراچی کی ترقی کے لیے پر عزم ہیں،یاد رہے کراچی کا لیاری ایکسپریس وے منصوبہ پندرہ سال بعد مکمل ہوگیا۔ 11 مئی 2002 کو لیاری ایکسپریس وے منصوبے کا سنگ بنیاد رکھا گیا۔کراچی سے متعلق وزیراعظم نے کہا کراچی کے مسائل حل کرنے کیلئے حکومت سندھ کام کررہی ہے اور وفاقی حکومت بھی حصہ ڈال رہی ہے جبکہ گورنر سندھ نے 25 ارب کا کراچی کیلئے پیکج دیا ہے اورہم شہر کی ترقی کے لیے پرعزم ہیں۔وزیر اعظم نے 5 ماہ بعد کراچی میں امن وامان سے متعلق اجلاس کی صدارت بھی کی۔ وزیراعظم کو کراچی آپریشن سمیت مجموعی داخلی صورتحال پر بریفنگ دی گئی۔ آئی این پی کے مطابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ترقی یافتہ ممالک نے بھی جمہوریت کے تسلسل کو یقینی بنا کر ہی ترقی کی ہے۔ دوسرے ممالک بھی پاکستان میں منصوبوں کی تیزی سے تکمیل پر حیران ہیں، ڈیووس میں بھی لوگوں نے ہم سے سوالات کئے پاکستان میں موٹرویز اتنی تیزی سے کیسے تکمیل کو پہنچ رہے ہیں۔
وزیراعظم