برادریوں سے ہمارا اتحاد آج بھی قائم ہے: عبد الرئوف نظامانی
ماتلی (نامہ نگار)چیئرمین میونسپل ماتلی عبدالرئوف نظامانی نے پریس کلب ماتلی میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے اپنے اوپر لگائے جانے والے الزامات کو محض سیاسی بیان بازی قرار دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بلدیاتی الیکشن سے قبل ہمارا اتحاد برادریوں کی سطح پر ہوا تھا جو آج بھی پہلے روز کی طرح قائم ہے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ میں مخالفت کرنے والوں کے الزامات کا جواب دے کر ان کا قد بڑھانا نہیں چاہتا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت میرے دو سالہ چیئرمین شپ کے ایّام اور مجھ پر کرپشن کے الزامات لگانے والوں کی نگرانی میں چلائے جانے والے میونسپل کمیٹی کے دور کے مالی معاملات کا جائزہ لے کرغلط اورصحیح کا فیصلہ بہتر کر سکتی ہے۔ انہوںنے کہا کہ میں نے ہائی اسکول کے پارک کی سیم والی مٹی اس لئے نکلوائی کیوں کہ میں اس میں زرخیز مٹی کی بھرائی کروا کر طالب علموں کے لئے پارک بنوا کر دینا چاہتا ہوں ،انہوں نے ماتلی بیوٹیفکیشن پروجیکٹ کے جاری کام کے تحت علی شیر کانٹے سے پھلیلی پل تک اور بس اسٹینڈ چوک اور فلکارہ چوک سے چینل موری تک روڈ سمیت واٹر سپلائی اور ڈرینج کی تعمیر کا کام یکم رمضان المبارک سے پہلے مکمل ہونے کی نوید بھی سنائی۔