حیدرآباد پریس کلب کے سامنے مسائل حل کرانے درجنوں افراد کا احتجاجی مظاہرے
حیدرآباد(نمائندہ نوائے وقت) حیدرآباد پریس کلب کے سامنے درجنوں افراد نے احتجاجی مظاہرے کرکے اپنے مسائل حل کرانے کی کوشش جاری رکھی۔ تفصیلات کے مطابق میہڑ میں تین افراد کے قتل کے خلاف عوامی راج تحریک نے علیم انصاری‘ طاہر دراوڑ‘ قادر چانڈیو اور دیگر کی قیادت میں احتجاجی مظاہرہ کیا ۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ قاتلوں کو فی الفور گرفتار کیا جائے اور سوشل ورکرز حیدرآباد کی جانب سے قاسم آباد میں صاف پانی کی عدم فراہمی اور فلٹر بند ہونے کے خلاف احتجاج کیا ۔ سید حسنین شاہ‘ علی خاصخیلی‘ ملک جونیجو اوردیگر نے مطالبہ کیا کہ قاسم آباد میں بند پڑے ہوئے فلٹر پلانٹ بحال کئے جائیں۔ایچ ڈی اے مزدور یونین نے 5 ماہ کی تنخواہیں اور پنشن نہ ملنے اورعارضی ملازمین کی عدم مستقلی کے خلاف احتجاج کیا۔ ذوالفقار چانڈیو‘ ساجد تقی‘ انصاف لاشاری اور دیگر نے مطالبہ کیا کہ واسا ایچ ڈی اے ملازمین کے مسائل حل کئے جائیں۔ لطیف آباد کے قدیم گوٹھوں کو بنیادی سہولتوں کی عدم فراہمی کے خلاف قومی عوامی تحریک کے کونسلر اسلم لغاری‘ سکھر لغاری اورایازلغاری کی قیادت میں احتجاج جاری رکھا ۔ میرواہ گورچانی کے گوٹھ نم لیار کے مکینوں نے حیدرآباد کے تھانہ وڈہ کی پولیس کے ظلم کے خلاف شاہ جہان نظامانی‘ زبیر نظامانی اور دیگر کی قیادت میں احتجاج کیا۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ پولیس نے بااثرشخص کی ایما پر ان کے لڑکے مزمل کو لاپتہ کردیا ہے جس کی جان خطرے میں ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ مزمل کو بازیاب کرایا جائے۔