زینب کو انصاف ملنے کی ا مید نظر آنے لگی، صارم برنی
کراچی( لیڈی رپورٹر) صارم ویلفیئر ٹرسٹ انٹرنیشنل کے سربراہ صارم برنی نے زینب کے قاتل اور بے حرمتی کرنے والے شخص کی گرفتاری پر اطمینان کا اظہار کیا اور کہا کہ زینب کے قاتل کی گرفتاری پاکستانی قوم کی دعائوں اور الیکٹرانک میڈیا اور پرنٹ میڈیا کی کوششوں کا نتیجہ ہے صارم برنی نے کہا کہ ایسے واقعات میں آج تک ایک بھی مجرم کو سزا نہیں ملی جب کہ ملک بھرمیں ایسے واقعات بڑھتے جارہے ہیں جس میں اب تک لاکھوں بچوں کو جنسی زیادتی کا نشانہ بنا کر قتل کیا جارہا ہے اور ایسے ملزمان جو ان واقعات میں ملوث ہوتے ہیں انہیں بااثر افراد کی پشت پناہی حاصل ہوتی ہے جس کی وجہ سے وہ کسی بھی سزا سے بڑی آسانی سے بچ جاتے ہیں۔ صارم برنی نے کہا کہ سخت اسلامی سزائوں کے باعث معاشرے پر امن رہتے ہیں کیونکہ دین اسلام مثال قائم کرکے لوگوں کو عبرت دلاتا ہے اور ہمارا المیہ یہ ہے کہ پاکستان جو صرف اسلام کے نام پر وجودمیں آیا تھا ا س میں آج تک اللہ اور اس کے رسول کا نظام رائج نہیں ہوسکا ہے۔