حکومت پاکستان اسٹیل کیلئے خصوصی پیکج اور گیس کی بحالی کا اعلان کرے‘ مجید منصوری
کراچی (اسٹاف رپورٹر) ٹریڈ یونین الائنس کے رہنمائوں مجید منصوری‘ نسیم حیدر‘ ریحان شاہ‘ شوکت علی کورائی نے کہا ہے کہ سابق حکومت کی کرپشن موجودہ حکومت کی مجرمانہ غفلت‘ بے حسی اور نااہل انتظامیہ کے سبب گیس بندش کے باعث ملک کا واحد فولاد ساز ادارہ جو صنعتی ترقی کی کنجی تصور کیا جاتا ہے‘ عملاً بند ہو چکا ہے جس کے سبب جہاں ایک جانب اس عظیم صنعتی فولادی ادارے کا مستقبل غیر محفوظ ہے تو دوسری جانب ہزاروں ملازمین کا روزگار دائو پر لگا رہا ہے‘ 2008ء سے منافع بخش ادارے پاکستان اسٹیل کی زبوں حالی پر حکمرانوں نے چپ سادھ رکھی ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ ملک کے سب سے بڑے فولادی کارخانے کی بحالی کیلئے حکومت پیکج اور گیس کی بندش کے خاتمے کا اعلان کرے۔