تمام یوسیز میں ترقیاتی کاموں پر توجہ دے رہے ہیں‘ ریحان ہاشمی
کراچی( اسٹاف رپورٹر )چیئرمین بلدیہ وسطی ریحان ہاشمی نے کہا کہ ضلع وسطی کو صاف ستھرا رکھنے کے ساتھ ساتھ اس کی خوبصورتی میں اضافہ کرنے کے لئے دن رات کوشاں ہیں ضلع میں موجود تمام یوسیز میں مرحلہ وارپارکس و پلے گراؤنڈ میں ترقیاتی کاموں کے ساتھ تزین و آرائش کے کام پر بھی بھر پور توجہ دی جارہی ہے۔ضلع وسطی میں موجود گرین بیلٹس کو صاف ستھراء کرنے کے ساتھ خوبصورت پھول دار پودے لگائے جارہے ہیں فٹ پاتھوں پر رنگ و روغن کرکے خوبصورتی میں اضافہ کیا جارہا ہے۔وہ نارتھ کراچی سیکٹر ۰۱ میں قائم ابو نصر پارک کی آرائش کے بعد پارک کا معائنہ کررہے تھے۔ اس موقع پر ان کے ہمراہ یو سی پینل اور بلدیاتی افسران بھی موجود تھے۔انہوں نے کہا کہ تمام تر مشکلات کے باوجود ہم پرعزم ہیں اورضلع وسطی کی خوبصورتی میں اضافے کیلئے ہر ممکن کوشش کررہے ہیں۔ اس سلسلے میں ضلع وسطی میں شروع کی جانے والی شجر کاری مہم میں ہزاروں پودے لگائے گئے ہیں جو ضلع کی خوبصورتی میں اضافہ کرنے کے ساتھ ماحولیاتی آ لودگی کو ختم کرنے میں معاون ثابت ہورہے ہیں انہوں نے مزید کہا کہ محکمہ پارکس ضلع وسطی میں موجود تقریبا 26,27کلو میٹر گرین بیلٹس پر کام کر رہا ہے۔