مالاکنڈ ڈویژن، نان کسٹم پیڈ گاڑیوں کی رجسٹریشن مخصوص کرنے کا فیصلہ
سوات (فضل خالق خان سے) ملاکنڈڈویژن میں نان کسٹم پیڈ گاڑیوں کی مقامی سطح پر رجسٹریشن کا فیصلہ، آپریشن کا آغاز اگلے مہینے سے کیا جا رہا ہے جس کیلئے ہر ضلع کی سطح پر پولیس سٹیشنز میں رجسٹریشن کا عمل مکمل کیا جائیگا۔ رجسٹریشن کے عمل کو تین رکنی کمیٹی جس میں ملٹری آفیسر، کمشنر اور پولیس افسران شامل ہوں گے، پورے عمل کو مانیٹر کریں گے، کٹ گاڑیاں غیر قانونی ہیں۔ اس کیخلاف آ پریشن میں کوئی رعایت نہیں کی جائیگی۔ ان خیالات کا اظہار بریگیڈ کمانڈر مینگورہ ظفر اقبال نے ہفتہ کو سرکٹ ہائوس سیدوشریف میں صحافیوںکو بریفنگ دیتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ فروری کے مہینے سے ملاکنڈ ڈویژن بھر میں نان کسٹم پیڈ گاڑیوں کی رجسٹریشن کیلئے کاغذی کارروائی شروع ہوگی جس کیلئے ہر ضلع میں مخصوص پولیس سٹیشنز میں رجسٹریشن کرائی جائیگی اور اگر ضرورت پڑی تو رجسٹریشن کیلئے پولیس اسٹیشنز کی تعداد بھی بڑھائیں گے ، رجسٹرڈ ہونے والی گاڑیاں صرف ملاکنڈ ڈویژن میں آمدورفت کرسکیں گی۔ انہوںنے کہا کہ ملاکنڈ ڈویژن کی تمام اضلاع میں رجسٹریشن کے عمل کو مکمل کیا جائیگا، ہر ضلع کی گاڑیوںکے لئے الگ الگ رنگ کے نمبر پلیٹ بنائے جائیں گے جو مخصو ص دکانو ں پر دستیا ب ہونگے اور اس کی منظوری انتظامیہ دیگی۔ انہوں نے کہا کہ رجسٹریشن کا مقصد گاڑی مالکان کو تحفظ دینا ہے جس سے اسکی ملکیت ثابت ہوگی، مالکان کا نام متعلقہ پولیس سٹیشن میں رجسٹرڈ ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ رجسٹرڈ گاڑیوںکا ڈیٹا صوبائی محکمہ ایکسائز کے ساتھ بھی شیئر کیا جائیگا تاکہ اس کو ملاکنڈ ڈویژن کے علاوہ کسی دوسرے علاقے میں چلانے کیلئے استعمال نہ کیا جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ نان کسٹم پیڈ گاڑیوںکی رجسٹریشن کے ساتھ ساتھ سکریپ سے بنی کٹ گاڑیاں جو غیر قانونی ہیں کیخلاف جلد بڑے پیمانے پر آپریشن شروع کیا جا رہا، ایسی گاڑیاں استعمال کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائیگی جس میں کسی قسم کی رعایت نہیں ہوگی۔