اسلام فوبیا سے نمٹنے کے لئے سب کو کردار ادا کرنا ہو گا: ہلیری کلنٹن

29 جنوری 2016 (19:44)

امریکی ڈیموکریٹک صدارتی امیدوار اور سابق امریکی وزیرخارجہ ہلیری کلنٹن نے کہا ہے کہ اس وقت امریکہ بھر میں موجود اسلام فوبیا سے نمٹنے کے لئے ہم سب کو اپنا بھرپور کردار ادا کرنا ہو گا‘ امریکہ کا آئین ہر کسی کو بلاامتیاز و تفریق رنگ و نسل اور مذہب تمام حقوق فراہم کرتا ہے۔ یہ بات انہوں نے پاکستانی نژاد امریکی تاجر چیف ایگزیکٹو ریجنلز ہیلتھ سینٹر محمد طاہر جاوید اور ان کی اہلیہ روبینہ جاوید کی جانب سے ان کی رہائش گاہ پر منعقدہ فنڈ ریزنگ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ ہلیری کلنٹن کا کہنا تھا کہ امریکہ کا آئین ہر کسی کو بلاامتیاز و تفریق رنگ و نسل اور مذہب تمام حقوق فراہم کرتا ہے اور یہی امریکہ کی خوبی ہے کہ وہ اپنے دامن میں ہر کسی کو جگہ دیتا ہے۔ انہوں نے کہاکہ امریکہ کے لوگ بہت سوچ سمجھ کر ووٹ دیں۔ اس بات کو ذہن میں رکھیں کہ کونسا امیدوار اپنے پروگرام کے ذریعے امریکہ کو مزید بہتر اور خوشحال بنانے کا اہل ہے۔ انہوں نے کہاکہ نوجوان افراد کو چاہئے کہ وہ آگے آئیں اور انتخابات میں بھرپور حصہ لیں۔