اسلام آباد : سی ڈی اے کا سبزی منڈی میں تجاوزات کیخلاف آپریشن‘ بجلی کے تارڑ گرنے سے دو تاجر جاں بحق

29 جنوری 2016
اسلام آباد : سی ڈی اے کا سبزی منڈی میں تجاوزات کیخلاف آپریشن‘ بجلی کے تارڑ گرنے سے دو تاجر جاں بحق

اسلام آباد (وقائع نگار) اسلام آباد کی سبزی منڈی میں مارکیٹ کمیٹی کے آپریشن کے دوران شارٹ سرکٹ کے باعث کرنٹ لگنے سے دو تاجر جاں بحق ہو گئے ہیں۔ مقامی تاجروں نے مارکیٹ کمیٹی کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے آئی جے پرنسپل روڈ بند کر دی تاجروں کے احتجاج کے باعث ضلعی انتظامیہ نے مینجمنٹ کمیٹی کے عہدیدار کو معطل کردیا ہے۔ جمعرات کو ضلعی انتظامیہ اسلام آباد کے زیر انتظام مارکیٹ کمیٹی نے سبزی و فروٹ منڈی میں تاجروں کی جانب سے کھڑی کئے گئے تجاوزات کے خلاف آپریشن شروع کیا تو اس دوران اچانک شارٹ سرکٹ کے باعث منڈی میں ہی واقع ایک ہوٹل میں کرنٹ لگنے سے دو تاجر جاں بحق ہو گئے جاں بحق ہونے والے ہوٹل مالکان مشتاق احمد اور ارشد محمود ہیں جن کا تعلق کوٹلی آزاد کشمیر سے ہے۔ ہلاکتوں کے بعد منڈی کے تاجروں نے احتجاج شروع کر دیا اور آئی جے پرنسپل روڈ کو رکاوٹیں رکھ کر بند کردیا جس پر انتظامیہ نے پولیس کی اضافی نفری طلب کرلی۔ پولیس کے مداخلت کے بعد ضلعی انتظامیہ مارکیٹ کمیٹی اور تاجروں کے درمیان مذاکرات ہوئے جس کے بعد انتظامیہ نے مارکیٹ کمیٹی کے عہدیدار کو معطل کرنے کے احکامات جاری کردیئے جس کے بعد تاجر منتشر ہو گئے۔ عینی شاہدین کے مطابق ہوٹل مالکان کی موت آپریشن شروع ہونے سے قبل شٹر کھولتے ہوئے کرنٹ لگنے سے ہوئی تاہم تاجروں نے آپریشن کو اس سے منسلک کرکے احتجاج شروع کردیا جس کے باعث کمیٹی کو تجاوزات کے خلاف آپریشن روکنا پڑا ہے۔
تاجر جاں بحق