شہریوں کو کم لاگت گھروں کی فراہمی کیلئے پرعزم ہیں: تنویر اسلم
لاہور(سپورٹس رپورٹر+ خصوصی نامہ نگار) صوبائی وزیر برائے ہائوسنگ ، اربن ڈویلپمنٹ تعمیرات و مواصلات ملک تنویر اسلم اعوان نے کہاہے کہ حکومت پنجاب کم آمدن والے لوگوں کو کم لاگت گھروں کی فراہمی کے لیے پر عزم ہے اور ترکی کی تعمیراتی کمپنی ٹوکی کے ساتھ حالیہ معاہدہ اس سلسلے کی ایک کڑی ہے ۔انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب کم لاگت گھروں کی فراہمی کے سلسلے میںترکی کے ماڈل کی تقلید کرتے ہوئے عوام کو اپنی چھت کی سہولت فراہم کرنے کے لیے کوشاں ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز اپنے ترکی کے دورے کے دوسرے روز ترکی کی تعمیراتی کمپنی ٹوکی کے صدر محمد ارگن توران سے ملاقات کے دوران کیا۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ گزشتہ چند سالوں کے دوران جس طرح ٹوکی نے ترکی میں جدید طرز مبنی سٹیٹ آف دی آرٹ تعمیراتی پراجیکٹس مکمل کئے ہیںوہ اپنی مثال ہیں۔ ٹوکی کے تعمیراتی منصوبوںکی تکمیل سے جہاں لوگوں کا معیار زندگی بلند ہوا ہے وہیں ان تعمیرات میں قدرتی آفات سے نمٹنے کا مکمل انتظام انسانی زندگی کی حفاظت میں اہم کردار ادا کررہا ہے۔