پنجاب کی 4 ترقیاتی سکیموں کیلئے ایک ارب 37 کروڑ 33 لاکھ روپے کی منظوری

29 جنوری 2016

لاہور(کامرس رپورٹر)حکومت پنجاب نے رواں مالی سال2015-16 کے دوران صوبائی محکمہ پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ کی صوبائی ڈویلپمنٹ ورکنگ پارٹی کے25 ویں اجلاس میںمختلف ڈویلپمنٹ سیکٹر کی کل 4ترقیاتی سکیموں کو مکمل کرنے کے لیے مجموعی طور پر1 ارب 37کروڑ 33 لاکھ 60ہزار روپے کی منظوری دی ۔ صوبائی ڈویلپمنٹ فورم کے اجلاس کی صدارت چیئر مین پلاننگ ایند ڈویلپمنٹ پنجا ب محمدجہانزیب خان نے کی ۔صوبائی ورکنگ پارٹی کے25 ویں اجلاس میں جن4ترقیاتی منصوبہ جات کی منظوری دی گئی پنجاب اکنامک ریسرچ انسٹیٹیوٹ کے ڈھانچے میں مزید بہتری لانے کیلئے 30 کروڑ 1 لاکھ 82 ہزار روپے، تکنیکی اور مالی تجاویز کے ضمن میںپی سی II کی تیاری کے حوالے سے جنرل کنسلٹنٹ کی خدمات کے حصول کیلئے 3کروڑ 20 لاکھ 88 ہزار روپے، سید پور پٹاں کے مقام پر دریا کے اوپر پل کی تعمیر (ترمیمی) کیلئے 41 کروڑ 45 لاکھ 84 ہزار روپے اور ضلع ڈیرہ غازی خان میں پل 14 تا دجال روڈ لمبائی 22.90 کلومیٹر سڑک کی کشادگی و بحالی کیلئے 29 کروڑ 42 لاکھ 36 ہزار روپے شامل ہیں۔