پاکستان ایکسچینج میں تیزی برقرار سرمایہ زکاری 31 ارب 31 کروڑ بڑھ گئی

29 جنوری 2016

کراچی(مارکیٹ رپورٹر)پاکستان سٹاک ایکسچینج میں جمعرات کے روز بھی جاری تیزی پر 100انڈیکس 92.35 پوائنٹس اضافے پر31193.73پربند رہا۔ سرمایہ کاری مالیت میں 31ارب 31کروڑ روپے سے زائد اضافہ رہا۔ تفصیلات کے مطابق آئل وگیس‘ سیمنٹ‘ فرٹیلائزر سیکٹرز میں خریداری کے اچھے اثرات اور آئندہ دنوں غیر ملکی سرمایہ آنے کی توقع کے باعث سرمایہ کاروں نے میپل لیف سیمنٹ ‘ ڈی جی خان سیمنٹ‘ اینگرو‘ اوجی ڈی سی‘ بائکو پٹرولیم سمیت بیشتر حصص کی بھاری خریداری کرلی جس کے نتیجے میں مارکیٹ اختتام پر100انڈیکس 92.35پوائنٹس اضافہ پر31193.73 پرآگیا۔ مارکیٹ میں سرگرم حصص کا دائرہ کار324کمپنیوں تک رہا جس میں 153کمپنیوں کی قیمتوں میں اضافہ‘ 152 کمپنیوں کی قیمتوں میں کمی اور19کمپنیوں کی قیمتوں میں استحکام رہا۔ مجموعی مارکیٹ سرمایہ کاری میں 31ارب 31کروڑ 52لاکھ 25ہزار 254روپے اضافہ رہا جبکہ مجموعی سرمایہ کاری مالیت بڑھ کر66کھرب 74ارب 18کروڑ 77لاکھ 3ہزار515 روپے ہوگئی۔ گزشتہ بدھ کے مقابلے میں کاروباری سرگرمی 3کروڑ 36لاکھ حصص سے کم رہی اور مجموعی سودوں میں 8کروڑ 57لاکھ 39ہزار920 حصص کاکاروبار ہوا۔