تمام محکمے پاکستان‘ چین راہداری کے تناظر میں ٹھوس منصوبے ترتیب دیں: عائشہ غوث

29 جنوری 2016
تمام محکمے پاکستان‘ چین راہداری کے تناظر میں ٹھوس منصوبے ترتیب دیں: عائشہ غوث

لاہور(کامرس رپورٹر)صوبائی وزیر خزانہ ڈاکٹر عائشہ غوث پاشا نے تمام محکموں کو ہدایت کی ہے کہ وہ پاک چائنا راہداری کے تناظر میں ٹھوس منصوبے ترتیب دیں اور ان کے لئے باقاعدہ فریم ورک تیار کریں۔انہوں نے اس امر کا اظہار گزشتہ روز اپنی زیر صدارت پنجاب سول سیکرٹریٹ میں مقامی پیداوار میں اضافے کے حوالے سے کمیٹی کے دوسر ے اجلاس میں کیا ہے۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر عائشہ غوث پاشانے کہا کہ پنجاب میں کاروباری مواقع کے حوالے سے بین الاقوامی سیمینار کے بعد ترکی اور چائنا سمیت اندرونی وبیرونی سرمایہ کار پاکستان میں زراعت،توانائی،انفراسٹرکچر اور سکلز ڈویلپمنٹ کے شعبہ جات میں سرمایہ کاری میں دلچسپی کا اظہار کررہے ہیں۔اس حوالے سے پنجاب میں زراعت کا شعبہ خصوصی اہمیت کا حامل ہے۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ سرمایہ کاروں کو انویسٹمنٹ کی ترغیب دینے کے لئے ضروری اہم متعلقہ شعبوں میں مقامی پیداواری صلاحیتوں میں اضافہ کریں۔