سردی کی شدت نے لنڈا بازاروں کی رونق بڑھا دی

29 جنوری 2016

ملتان (لیڈی رپورٹر) بڑھتی ہوئی سردی سے لنڈا بازاروں کی رونق کو بڑھا دیا ہے بڑھتے ہوئے رش کے باعث دکانداروں کو سرکھجانے کی فرصت نہیں دکاندار لوٹ سیل کی آوازیں لگا کر گاہکوں کی جیبیں ہلکی کرنے لگے مہنگائی نے لنڈا بھی غریبوں کی پہنچ سے دور کر دیا۔ خواتین حمیدہ ‘نسرین اور جمیلہ کا کہنا تھا کہ لنڈا بازار کا کاروبار اب اس قدر وسعت پا گیا ہے کہ کروڑوں روپے پر پھیل گیا ہے ایک وقت تھا جب غریب لوگ اپنی عزت کا بھرم رکھنے کے لئے لنڈا بازار میں خریداری کرتے تھے اب فیشن زدہ طبقے نے بھی فیشن کی آڑ میں گرم و سرد کپڑوں کی خریداری کرنے لگا ہے جس کی وجہ سے غریب و سفید پوش طبقے کے مسائل میں اضافہ ہو گیا ہے دکانداروں کا کہنا ہے کہ حکومت توجہ نہیں دیتی جس کی وجہ سے غربت کی شرح میں روز بروز اضافہ ہو رہا ہے اور اب یہ کاروبار بھی سستا نہیں رہا کہ ہم اونے پونے دے دیں کیونکہ ہم کاروباری افراد بھی گانٹھیں بھاری قیمت کی ادائیگی کے بعد حاصل کر تے ہیں ۔ لنڈا بازار کے حوالے سے بات کرتے ہوئے شہریوں ذیشان اورمحمد بلال نے کہا غریبوں کے لئے لنڈا بازار ہر دور میں کسی نعمت سے کم نہیں جو سردی و گرمی میں عام بازار سے کچھ کم قیمت پر ضرورت کی اشیاءبہم پہنچاتا ہے محمد بلال‘ اسلم شاہ اور افضل نے کہا کہ سردی سے مجبور لوگ مہنگے داموں لنڈے سے کپڑے خرید رہے ہیں لنڈے بازار میں دکانداروں کی من مانی کو روکنے کے لئے ڈسٹرکٹ حکومت کو نوٹس لینا چاہئے کاشف احمد‘ محمد علوی ‘محمد یاسر اور محمد افضل نے کہا کہ ڈی سی او کو چاہئے کہ ضلعی سطح پر لنڈے بازار کی اشیاءپر پرائس کنٹرول کمیٹیوں کے ذریعے قیمتوں کو کنٹرول کریں۔