ٹرانسپورٹرز من مانے کرائے وصول کرنے کے باوجود ہتک آمیز رویہ اپناتے ہیں،موبائل فورم

29 جنوری 2016
 ٹرانسپورٹرز من مانے کرائے وصول کرنے کے باوجود ہتک آمیز رویہ اپناتے ہیں،موبائل فورم

ملتان(سٹاف رپورٹر)ٹرانسپورٹرز کی طرف سے اوورلوڈنگ اور اوورچارجنگ کے حوالے سے نوائے وقت موبائل فورم سے گفتگو کرتے ہوئے عمران رشید اور صداقت قریشی نے کہاکہ ٹرانسپورٹرز من مانے کرائے وصول کرنے کے باوجود مسافروں سے ہتک آمیز رویہ اپناتے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ ٹرانسپورٹ کی بہترین سہولیات نہ ہونے پر شہریوں کو ٹرانسپورٹرز کے رحم وکرم پر چھوڑ دیا گیا ہے ۔شعبہ وکالت سے تعلق رکھنے والے امتیاز سرانی اور محمد عامر نے کہا کہ جب تک شہریوں کو اپنے حقوق کا ٹھیک سے معلوم نہیں ہوگا اسی طرح حقوق غضب ہوتے رہیں گے۔فورم میں گفتگو کرتے ہوئے محمد عرفان نے کہا کہ شہر کے اندر چلنے والی بسیں اور ویگنیں سواریوں کو خوار کرنے میں کوئی کسر اٹھا نہیں رکھتیں اور ایک ایک سٹاپ پر آدھا گھنٹہ کھڑی رہتی ہیں۔اس حوالے سے بات کرتے ہوئے محمد عقیل اور سجاد علی نے کہا کہ ٹرانسپورٹ اتھارٹی اور انتظامیہ کو چاہیے کہ ہائی ایس ویگنوں میں پھٹوں پر سواریاں بٹھانے سے روکنے کیلئے اقدامات کرنے چاہیے۔ان کا کہنا تھا کہ معزز شخص خواتین کے ساتھ ویگنوں میں سفر نہیں کرسکتا کہ ٹرانسپورٹرز مردوخواتین کی تمیز کیے بغیر ویگن کو بھرنے کے چکر میں آمنے سامنے بٹھا دیتے ہیں اور ٹانگیں سیدھی کرنا بھی مشکل ہوجاتا ہے ۔