برطانیہ، فرانس کے 20 سکولوں میں پھر فون پر بم کی اطلاعات، سرچ آپریشن

29 جنوری 2016

لندن+ پیرس (نوائے وقت رپورٹ) فرانس اور لندن کے 20 سکولوں میں ایک بار پھر ٹیلی فونز کے ذریعے بم کی اطلاع پر سرچ آپریشن کیا گیا۔ فرانس کے 5 بڑے سکولوں کی سکیورٹی پر پولیس تعینات کر دی گئی۔ برطانیہ میں 4 سکولوں کو بم کی اطلاع کے بعد خالی کرا لیا گیا۔ برطانوی پولیس کے مطابق بم کی دھمکیاں افواہیں لگتی ہیں۔ پولیس وسطی برطانیہ میں 14 سکولوں میں بم کی اطلاع کے حوالے سے تحقیقات کی جا رہی ہے۔ منگل کے روز بھی فون کالز پر بم کی اطلاعات کے بعد پیرس میں 6 اور برطانیہ میں 14 سکولوں کو خالی کرا لیا گیا تھا۔ ٹوئٹر پر ایک اکاؤنٹ ’’اویکوایشن سکواڈ‘‘ نے ان دھمکیوں کی ذمہ داری قبول کی ہے۔ یہ اکاؤنٹ معطل کر دیا گیا ہے۔