انتخابی اصلاحات کمیٹی کا اجلاس، اوورسیز کیلئے آن کال ووٹنگ پر بریفنگ

29 جنوری 2016

اسلام آباد(آئی این پی) پارلیمانی انتخابی اصلاحات کی ذیلی کمیٹی میں سمندر پار پاکستانیوں کو ووٹ کی سہولت سے متعلق اہم پیش رفت ہوئی ہے،کمیٹی کو سمارٹ میٹک کمپنی نے سمندر پار پاکستانیز کو ووٹ کی سہولت دینے سے متعلق بریفنگ د یتے ہوئے کہا کال کر کے اوورسیز ووٹرز ووٹ ڈال سکتے ہیں۔ کمیٹی نے سمارٹ میٹک نامی کمپنی سے آن کال ووٹنگ سے متعلق پرپوزل مانگ لئے۔کمیٹی میں فیصلہ کیا گیا الیکشن کمیشن 40 روز میں الیکٹرانک ووٹنگ مشینوں کی خریداری کیلئے ٹینڈر جاری کریگا، چیئرمین کمیٹی عارف علوی نے کہا اسی سال الیکٹرونک ووٹنگ مشینوں کا تجربہ ہوگا۔ اس کے بعد عام انتخابات میں اس کے استعمال کا فیصلہ کیا جائیگا۔ پارلیمانی انتخابی اصلاحات کی ذیلی کمیٹی کا ان کیمرہ اجلاس چیئر مین عارف علوی کی زیر صدارت پارلیمنٹ ہائوس میں ہوا۔ سمارٹ میٹ کمپنی حکام کا کہنا تھا ووٹرز پولنگ سے پہلے اپنی رجسٹریشن ائر پورٹس یا سفارتخانوں میں کرائیں گے۔ چیئرمین کمیٹی نے میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا سمندر پار پاکستانیوں کو ووٹ کی سہولت سے متعلق اہم پیش رفت ہوئی ہے۔ آئندہ سال الیکشن ہوئے تو ای وی ایم کا استعمال اور سمندر پار پاکستانیز ووٹ نہیں ڈال سکیں گے، پی ٹی آئی کے انٹرا پارٹی الیکشن میں آن کال ووٹنگ کا استعمال کیا جائیگا۔