اورنج ٹرین: اقوام متحدہ رپورٹ کی حمایت‘ نوازشریف کو آثار قدیمہ تباہ‘ غریبوں کے گھر گرانے نہیں دینگے: بلاول
کراچی (این این آئی) پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول نے اقوام متحدہ کی دو خصوصی مندوبین کی جانب سے لاہور اورنج میٹرو لائن منصوبے کے متعلق خدشات پر مبنی جاری رپورٹ کی حمایت کی ہے جس منصوبے کی وجہ سے متعدد خاندان جبری بے دخل کیے گئے ہیں اور ساتھ ساتھ اس منصوبے کی وجہ سے شہر میں موجود متعدد محفوظ آثار قدیمہ کو بھی خطرات لاحق ہیں، یاد رہے کہ اقوم متحدہ کی مناسب رہائش اور ثقافتی حقوق کے متعلق مندوبین نے لاہور میں آثار قدیمہ اور تاریخی مقامات کو لاحق خطرات کو سامنے رکھے بغیر شروع کیے گئے اورنج میٹرو لائن منصوبے پر شدید تشویش کا اظہار کیا ہے۔ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ نواز لیگ حکومت نے تو پاکستان میں جمہوری جدوجہد کی علامت نوابزادہ نصراللہ خان کی تاریخی رہائش گاہ کا بھی خیال نہیں کیا اور اس کو جمہوری تحاریک کے مرکز والی اہمیت ہونے کا علم ہونے کے باوجود بھی منہدم کیا گیا۔ منصوبے سے متعلق معلومات کی کمی بھی باعث تشویش امر ہے، حقیقت میں اس منصوبے کی پہلی عوامی سماعت کے بعد متعدد بار اس کا روٹ تبدیل کیا گیا، ساتھ ساتھ سینکڑوں شہریوں نے اس منصوبے اور اس کے طریقے کار میں خامیوں کی مخالفت کی ہے اور کچھ شہریوں کی جانب عدالتوں میں دائر کیسز زیر التوا بھی ہیں، بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ نواز شریف کو ملک کی تاریخ اور آثار قدیمہ کو تباہ کرنے اور پیشگی بحالی منصوبے اور معاوضے کے بغیر غریبوں کے مکانات منہدم کرنے کی اجازت نہیں دینگے۔ پیپلزپارٹی ملک کی تاریخ، آثار قدیمہ اور بے دخل ہونے والے اور اس خطرے کی زد میں آنے والے غریبوں کے تحفظ کے لیے پارلیمنٹ سمیت ہر فورم پر معاملہ اٹھائے گی۔