’’ایک واقعہ پر الگ الگ چالان، فرد جرم عائد نہیں ہو سکتی ‘‘ دہشت گردی عدالت میں سانحہ ماڈل ٹائون کیس کی کارروائی رکوانے کیلئے عوامی تحریک کی ہائیکورٹ میں رٹ
لاہور (خصوصی نامہ نگار)پاکستان عوامی تحریک نے دہشت گردی کی عدالت زیر سماعت سانحہ ماڈل ٹائون کیس کی کارروائی رکوانے کیلئے لاہور ہائیکورٹ میں رٹ دائر کر دی ہے۔ رٹ پٹیشن عوامی تحریک کے وکلا رائے بشیر ایڈووکیٹ اور قمر اشفاق چوہدری کی طرف سے دائر کی گئی ہے ۔ رٹ پٹیشن میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ ایک ہی واقعہ پر الگ الگ چالان اور فرد جرم عائد نہیں ہو سکتی ۔یہ اقدام آئین کے آرٹیکل 13 اور ضابطہ فوجداری کی دفعہ 265 کے خلاف ہے ۔ عوامی تحریک کے وکلاء پینل میں نعیم الدین چودھری ایڈووکیٹ ،محمد ناصر ایڈووکیٹ بھی شامل ہیں ۔ترجمان نے کہا ہے کہ عدالت سے استدعا کی ہے کہ دہشتگردی کی عدالت کو ایک ہی کیس میںالگ الگ ٹرائل سے روکا جائے ،واقعہ سے متعلق تمام چالان اکٹھے کئے جائیں ۔