اورنج ٹرین متاثرین کو مارکیٹ سے بہتر معاوضہ دینگے: خواجہ حسان

29 جنوری 2016
اورنج ٹرین متاثرین کو مارکیٹ سے بہتر معاوضہ دینگے: خواجہ حسان

لاہور (خصوصی رپورٹر) وزیر اعلی پنجاب کے مشیر خواجہ احمدحسان نے کہا کہ وزیر اعلی پنجاب محمد شہبازشریف کی خصوصی ہدایت پر لاہور اورنج لائن میٹرو ٹرین منصوبے کے لئے حاصل کی جانے والی جائیدادوں کے مالکان کومارکیٹ ریٹ سے بھی بہتر معقول معاوضہ دیا جائے گا ۔معاوضے کی ادائیگی کا کام دو روز میں شروع کیا جا رہا ہے ۔ جین مندر‘ انجینئرنگ یونیورسٹی اور ٹھوکر نیاز بیگ پر کیمپ لگائے جائیں گے ۔ جائید ادوں کی ملکیتی دستاویزات پر معاوضہ‘تعمیر شدہ سٹرکچر ‘ ‘نقل مکانی کا الاﺅنس معاوضہ اور کاروبار کے نقصان کا زر تلافی بھی دیا جائے گا ان خیالات کا اظہار انہوں نے سمن آباد اور ملتان روڈ کے تاجروں سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ سابق رکن صوبائی اسمبلی حافظ میاں نعمان کی سربراہی میں چھ رکنی کمیٹی بھی تشکیل دی جس میں پراجیکٹ ڈائریکٹر اورنج لائن مظہر خان ا ور مقامی بلدیاتی نمائندے بھی شامل ہوں گے۔ انہوں بتایا کہ جائیدادوں کے ملکیتی ثبوت نہ رکھنے والے افراد کی دستاویزات کی تصدیق کے بعدانہیں بھی معاوضہ دیا جائے گا۔ سٹرکچر کا معاوضہ فوری طور پر ادا کیا جائے گا جبکہ زمین کا معاوضہ تصدیق کے بعد ادا کر دیا جائے گا۔