مسئلہ کشمیر پر پاکستانی موقف میں کوئی تبدیلی نہیں آئیگی:ممنون حسین

29 جنوری 2016

اسلام آباد (سپیشل رپورٹ) صدر مملکت ممنون حسین نے کہاہے کہ حکومت پاکستان مسئلہ کشمیر پر اپنے موقف میں کوئی تبدیلی نہیں کریگی، کشمیریوں کی اخلاقی، سیاسی حمایت جاری رہے گی۔ حکومت گلگت بلتستان کے مسائل کے حل کیلئے قانونی پہلوئوں پر غور کررہی ہے۔ جمعرات کو صدر مملکت سے گورنر گلگت بلتستان اور وفاقی وزیر امور کشمیر برجیس طاہر نے ملاقات کی ۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے صدر نے کہا کہ قوموں کی ترقی کا راز اتحاد اور اتفاق میں ہے اس لئے تعصبات سے بالا تر ہونا چاہیے،حکومت پاکستان مسئلہ کشمیر پر اپنے موقف میں کوئی تبدیلی نہیں کرے گی، پاک چین اقتصادی راہداری سے گلگت بلتستان کو فائدہ ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت گلگت بلتستان کے مسائل کے حل کیلئے قانونی پہلوؤں پر غور کر رہی ہے۔ صدر مملکت نے کہا کہ بلتستان یونیورسٹی کیلئے فنڈ مخصوص کر دیئے گئے ہیں۔ وفاقی جامعات میں بھی گلگت بلتستان کے طلبا کے کوٹے میں اضافہ ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ قومی ترقی کیلئے ضروری ہے کہ صوبائی حکومتیں عوامی مسائل کے حل پر توجہ دیں۔