جماعۃ الدعوۃ یکم سے پانچ فروری تک یکجہتی کشمیر مہم چلائے گی

29 جنوری 2016

لاہور (خصوصی نامہ نگار) جماعۃ الدعوۃ مظلوم کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کے لئے یکم فروری سے 5 فروری تک یکجہتی کشمیر مہم چلائے گی۔تین اور چار فروری کو مختلف شہروں میں یکجہتی کشمیر سیمینارز کئے جائیں گے ۔ پانچ فروری کو ضلعی ہیڈ کوارٹرز پر کشمیر کارواں کا انعقاد کیا جائے گا۔ خصوصی ڈاکو منٹری اور ترانے تیار کئے گئے ہیں۔سوشل میڈیا پر بھی بھرپور مہم چلائی جائے گی۔ کیمپ لگائے جائیں گے جبکہ گاڑیوں کے خصوصی فلوٹس تیار کئے جائیں گے۔یہ فیصلے امیر جماعۃ الدعوۃ پاکستان پروفیسر حافظ محمد سعید کی زیر امارت مرکز القادسیہ چوبر جی میں جماعۃالدعوۃ کے مرکزی ذمہ داران کے ایک اجلاس میں کیا گیا۔ اس موقع پر فیصلہ کیا گیا کہ 5 فروری کو یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پرمظلوم کشمیری مسلمانوں سے اظہار یکجہتی کے لئے لاہور،اسلام آباد،کراچی،حیدر آباد،کوئٹہ ،پشاور،حیدر آباد، فیصل آباد، گوجرانولہ، میر پور، مظفر آباد سمیت دیگر شہروں و علاقوں میں بھی کشمیرکارواں ہوں گے جن سے مذہبی و سیاسی جماعتوں کے قائدین و کشمیر ی رہنما خطاب کریں گے۔ حافظ محمد سعید نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کشمیر کی آزادی پاکستان کی بقا اور سلامتی کے لئے انتہائی ناگزیر ہے اس کے بغیر پاکستان ہمیشہ خطرات سے دو چار رہا ہے۔کشمیری مسلمانوں کی جدوجہد آزادی جاری رہے گی۔ کشمیری مسلمانوں کی ہر طرح سے مددکریں گے خونی لکیر جلد ٹوٹ جائیگی۔ آزادی کشمیر کے حوالہ سے بہت جلد اچھی خبریں سننے کو ملیں گی۔ پوری پاکستانی قوم کشمیریوں کی پشت پرکھڑی ہے۔