کالعدم تنظیم کے 11 کارکنوں کیخلاف چالان عدالت برائے تحفظ پاکستان میں جمع کرانیکا حکم
لاہور (وقائع نگار خصوصی) سپریم کورٹ نے کالعدم تنظیم کے گیارہ کارکنوں کیخلاف چالان دو ہفتوں میں عدالت برائے تحفظ پاکستان میں جمع کرانے کا حکم دیدیا۔ دو رکنی بنچ نے کالعدم تنظیم کے کارکن آغا طاہر، ارشد جمال سمیت گیارہ ملزموں کی ضمانت کی درخواستوں پر سماعت کی، ملزموں کے وکیل نے موقف اختیار کیا کہ پولیس نے تمام ملزموں کو بلاوجہ گرفتار کر رکھا ہے، مقدمات میں کوئی ٹھوس ثبوت نہیں ہیں اور نہ ہی ابھی تک چالان ٹرائل کورٹ میں جمع کرایا گیا ہے لہذا ملزموں کو ضمانت پر رہا کرنے کا حکم دیا جائے، سرکاری وکیل نے بنچ کو بتایا کہ عدالت برائے تحفظ پاکستان ابھی فعال نہیں ہو سکی، اس لئے چالان عدالت میں جمع نہیں کرائے جا سکے۔