جھاڑکھنڈ : بارودی سرنگ دھماکہ، 7 پولیس اہلکار ہلاک،سرچ آپریشن
جھاڑکھنڈ(بی بی سی+اے ایف پی) بھارتی ریاست جھاڑکھنڈ کے ضلع پلامو میں بارودی سرنگ کے دھماکے میں 7پولیس اہلکار ہلاک اور 6زخمی ہوگئے۔چھتر پور کے تھانہ علاقے میں کالا پہاڑی میں یہ واقعہ پیش آیا۔ زخمی پولیس اہلکاروں کو ہیلی کاپٹر کی مدد سے ریاستی دارالحکومت رانچی لایا گیا جہاں ان کا علاج ہو گا۔ ریاست جھاڑکھنڈ میں پولیس کے ترجمان اے ڈی جی ایس این پردھان نے اس واقعے کی تصدیق کی ہے۔ماؤ نواز علیحدگی پسندوں نے بم نصب کیا تھا۔ انہوں نے بی بی سی کو بتایا ’کالاپہاڑی میں کچھ نکسلیوں کے ہونے کی اطلاع ملی تھی۔ چھتر پور اور حسین آباد کے درمیان کالاپہاڑی کے پاس نکسلیوں نے پہلے سے ہی لینڈ مائن بچھا رکھی تھی۔‘انہوں نے بتایا کہ اس دھماکے کی وجہ سے پولیس کی گاڑی چلانے والے ڈرائیور سنجے شرما اور چھ پولیس اہلکار موقع پر ہی ہلاک ہوگئے۔اندھیرا ہونے کی وجہ سے پولیس کو ریسکیو آپریشن کرنے میں کافی مشکلات پیش آئیں۔ اس حملے میں چھتر پور تھانے کے انچارج بال بال بچ گئے۔ ان کی گاڑی اسی راستے سے گزر جانے کے بعد دھماکہ ہوا۔