چھاپوں کیخلاف بھٹہ مالکان کے مظاہرے جاری، چائلڈ لیبر پر 9 کیخلاف مقدمات

29 جنوری 2016

قصور + شیخوپورہ + حاصل پور + اوکاڑہ + چیچہ وطنی (نمائندہ نوائے وقت + نامہ نگاران) چھاپوں کیخلاف بھٹہ مالکان کے مظاہرے جاری، قصور میں ریلی نکالی گئی، حکومت کیخلاف نعرے بازی، بچوں سے مزدوری کرانے پر حاصل پور چیچہ وطنی اور اوکاڑہ میں 7 بھٹہ مالکان سمیت 9 افراد پر مقدمات درج کر لئے گئے۔ شیخوپورہ کی فیکٹری میں بھی 50 بچوں سے مزدوری کرانے پر فیکٹری سیل کردی گئی۔ تفصیل کے مطابق قصور میں بھٹہ ایسو ی ایشن کا چھاپوں کے خلاف احتجاج جاری ہے، بھٹہ مالکان نے مطالبات کے حق میں احتجاجی ریلی نکالی لاہو ر روڈ بلاک کر کے احتجاج ریکارڈ کرایا۔ نعرے بازی کی روڈ بلا ک ہونے پر ٹریفک جام ہو گئی۔ بھٹہ ایسوی ایشن کے صدر حاجی اشفاق جمعہ نے کہا کہ حکومت بھٹہ مالکان کے خلا ف مقدمے درج کر نے بجا ئے بچوں کے والدین کے خلاف کاروائی عمل میں لا ئی جا ئے کیو نکہ بھٹہ مالکان خود بچوں کی مشقت کے خلاف ہے۔ ضلعی انتظامیہ کو ہدایات جاری کی جائے کے بھٹوں پر جاکر بھٹے کی لیبر کو اکٹھا کر کے بچوں کے والدین کو وارننگ جاری کی جا ئے کہ اگر کسی کا بھی بچہ بھٹے پر مشقت کر تے ہو ئے پایا گیا تو ان کے والدین کے خلاف مقدمہ درج کیا جائے گا۔ بھٹہ مالکان پر چائلڈ لیبر کی آڑ میں جھوٹے مقدمے درج کئے جا رہے ہیں۔ ضلع شیخوپورہ میں بھٹہ مالکان ایسوسی ایشن نے چھاپوں کے خلاف چار روز سے مکمل ہڑتال کر رکھی ہے جس سے سرکاری و نجی سطح پر تعمیراتی کام شدید متاثر ہو رہا ہے۔ حاصل پور پولیس نے چائلڈ لیبر کی خلاف ورزی کرنے پر دو بھٹوں پر تین بچوں کو کام کرتے ہوئے پایا جس پر دو بھٹہ مالکان کے خلاف پولیس نے مقدمات درج کر لئے۔ بھٹوں پر بچوں سے مشقت لینے کے الزام میں ضلع اوکاڑہ میں چار بھٹہ مالکان او ر دو ملازمین کو گرفتارکر لیا گیا۔تفصیلات کے مطابق پنجاب حکومت کے حکم پر دیگر اضلاع کی طرح یہاں بھی تمام سکول بند ہیں لیکن انتظامیہ نے یہاں پر چار بھٹہ مالکان اور ان کے دو ملازمین کو اس لئے گرفتار کر لیا کہ وہ سکول ٹائم پر بچوں سے مشقت لے رہے تھے جن بھٹہ مالکان کو گرفتارکیا گیا گرفتار افراد میں یوسف خان، رضا خان، حاجی زاہر خاں اور منور ظریف خان کے نام شامل ہیں جب کہ ملازمین ریاض اور مقبول کو بھی گرفتار کر لیا گیا۔ اسسٹنٹ کمشنر چیچہ وطنی محمد عابد کلیار نے پولیس تھانہ صدر کے ہمراہ چائلڈ لیبرآرڈیننس ایکٹ کی خلاف ورزی پر نواحی گائوں14/11-L میں چھاپہ مار کربچوں سے جبری مشقت لینے پر بھٹہ مالک محمد اسلم کو حراست میں لیکر مقدمہ درج کرلیا۔ ڈسٹرکٹ آفیسر ماحولیات امتیاز رسول علوی ، ڈسٹرکٹ آفیسر سول ڈیفنس اصغر علی، ٹی او آر شیخوپورہ طاہر محمود ، نمائندہ لیبر ڈیپارٹمنٹ اور صدر تھانہ پولیس کے ہمراہ مہتابی سپننگ ملز سرگودھا روڈ فاروق آباد میں چھاپہ مار کر مل کو سیل کر دیا ۔مل میں 14سال سے کم عمر تقریبا50کے قریب بچے مزدوری کر رہے تھے۔ ڈی او سول ڈیفنس نے بتایا کہ مہتابی سپننگ ملز میں سیفٹی نہ ہونے کی وجہ سے مل کا چلان کر کے عدالت پیش کر دیا گیا ہے۔جہلم سے نامہ نگار کے مطابق اے سی جہلم ڈاکٹر آفاق وزیر نے بھٹہ خشت اذان چوہدری شبیر کو چیک کیا اور دو بچے والدین کے ہمراہ سکول ٹائم میں کام کررہے تھے۔ صدر پولیس نے بھٹہ مالک کے خلاف مقدمہ درج کر لیا۔