فیس بک کے منافع میں دو گنا اضافہ
لندن(بی بی سی) سماجی رابطوں کی مقبول ویب سائٹ فیس بک کے مطابق سال2015ءکی چوتھی سہ ماہی میں اسے دو گناہ سے زیادہ منافع ہوا ہے۔فیس بک کا کہنا ہے کہ دسمبر تک کے تین ماہ میں اس کا خالص منافع70کروڑ دس لاکھ ڈالر سے بڑھ کر ایک ارب56کروڑ ڈالر ہو گیا۔
فیس بک کے مطابق اس عرصے میں حاصل ہونے والی آمدن کا80فیصد موبائل فونز پر اشتہارات سے حاصل ہوا جو کہ گذشتہ برس 69فیصد تھا۔ فیس بک کی جانب سے منافع کے اعلان کے بعد نیو یارک کے بازارِ حصص میں اس کے شیئرز کی مالیت8.7فیصد تک بڑھ گئی۔ فیس بک کی سال بھر کی آمدن44فیصد اضافے سے17.9 ارب ڈالر ہو گئی ہے جس میں خالص منافع3.7ارب ڈالر تک ہو سکتا ہے۔ ایم اے ایم پاٹنرز کے تجزیہ کار راب سینڈرسن نے فیس بک کے بڑھتے ہوئے منافع کو غیر معمولی قرار دیا ہے۔اس سے اس کی اہمیت واضح ہوتی ہے کہ ہم تشہیری مہم چلانے والوں کو کیا فراہم کرتے ہیں، وہ ان کے لئے تقسیم کا بہت ہی کارآمد طریقہ کار مہیا کر رہے ہیں اور ان کی سہ ماہی کی کارکردگی سے ظاہر ہوتا ہے کہ یہ بہت اچھے طرح سے کام کر رہا ہے۔فیس بک پر ماہانہ آنے والے ایکٹیو صارفین کی تعداد14فیصد اضافے سے تقریباً ایک ارب60کروڑ ہو گئی ہے جو کہ گذشتہ برس ایک ارب 44کروڑ تھی۔فیس بک کے بانی اور چیف ایگزیکٹو آفیسر مارک زکربرگ نے کہا ہے کہ2015ءمیں فیس بک کے لئے بہت ہی بہترین تھا، ہماری کمیونٹی بڑھتی رہے گی اور ہمارا کاروبار ترقی کرتا رہے گا، وہ اپنی بیٹی کی ولادت کے بعد دو ماہ کی چھٹی سے پیر کو ہی واپس دفتر آئے گا۔