سبزہ زار میں شرابی بیٹے نے گلا دبا کر باپ کو قتل کر دیا
لاہور (اپنے نمائندے سے) تھانہ سبزہ زار کے علاقے میں شرابی بیٹے نے باپ کا گلہ دبا کر اسے موت کے گھاٹ اتار دیا اور نعش گھر کے صحن میں دفنا دی۔ پولیس نے مقتول کے بھتیجے کی طرف سے بھانڈا پھوڑنے پر نعش برآمد کرنے کے بعد پوسٹ مارٹم کے لئے بھجوا دی ہے۔ سبزہ زار کے علاقے سید پور کے رہائشی 75سالہ محمد حسین کا ناخلف بیٹا ملزم فقیر حسین نشئی اور شرابی تھا اور اکثر اپنے متوفی بدقسمت باپ محمد حسین سے رقم نہ ملنے پر لڑتا جھگڑتا تھا۔ گذشتہ چند روز قبل بھی ادھارمانگنے کے انکار پر مشتعل ہونے پر باپ کو بے دردی سے ہمیشہ کے لئے سلا دیا۔ مقتول کے بھتیجے محمد اقبال نے بھانڈا پھوڑ دیا۔ ملزم تاحال گرفتار نہیں ہو سکا۔