افغان طالبان اور امریکا کے درمیان تاریخی امن معاہدے پر دستخط کی تقریب جاری

افغان طالبان اور امریکی حکومت کے درمیان تاریخی امن معاہدے پر دستخط کی تقریب جاری ہے۔امن معاہدے پر دستخط سے متعلق قطر کے دارالحکومت دوحا میں منعقدہ تقریب میں افغان طالبان، افغان حکومت، امریکا، قطر اور پاکستانی حکام نے شرکت کی۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے امریکا کے سیکریٹری اسٹیٹ مائیک پومپیو نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ امن معاہدے کے لیے نمائندہ خصوصی زلمے خلیل زاد کا کردار قابل تعریف ہے۔انہوں نے کہا کہ امریکا اور طالبان دہائیوں سے جاری اس تنازعے کو ختم کر رہے ہیں۔قبل ازیں طالبان قطر آفس کے اہم رکن ملا شہاب الدین دلاور نے اس دن کو تاریخی قرار دیا تھا۔ان کا کہنا تھا کہ معاہدے کے دستخط کے بعد تمام غیر ملکی فوجیں افغانستان سے روانہ ہو جائیں گی اور ملک میں امن آئے گا۔قطر کے دارالحکومت دوحا میں ہی وزیرِ خارجہ شاہ محمود قریشی نے امریکی نمائندہ خصوصی زلمے خلیل زاد سے ملاقات کی تھی۔اس ملاقات میں زلمے خلیل زاد نے امن معاہدے کی تازہ ترین صورتحال سے وزیرِخارجہ شاہ محمود قریشی کو آگاہ کیا تھا۔وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ آج کے امن معاہدے کے بعد انٹرا افغان مذاکرات کی امید ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ افغانستان کو تعمیرِ نو اور بحالی کے لیے عالمی برادری کی مدد کی ضرورت ہوگی۔