ایشیا کپ 2020ء پاکستان میں نہیں ہوگا: گنگولی
لاہور(سپورٹس رپورٹر+نمائندہ سپورٹس +نوائے وقت رپورٹ)بھارتی کرکٹ بورڈ کے سربراہ نے ایشین کرکٹ کونسل کے اجلاس سے پہلے ہی اپنا فیصلہ سنا دیا۔بھارتی بورڈ کے سربراہ ساروو گنگولی نے کہا ہے کہ ایشیا کپ 2020ء پاکستان میں نہیں ہوگا ، میزبان پاکستان ہی ہوگا لیکن ایشیا کپ دبئی میں کھیلا جائیگا۔پاکستان اور بھارت دونوں ٹیمیں ایونٹ میں حصہ لیں گی ، پاکستان اور بھارت کے ایشیا کپ ٹورنامنٹ میں کھیلنے کی راہ دبئی کی میزبانی سے ہموار ہوگی۔پاکستان کرکٹ بورڈ نے کہا ہے کہ ایشیا کپ کے حوالے سے فیصلہ ایشین کرکٹ کونسل کی بورڈ میٹنگ میں ہونا ہے، ایشیا کپ کا میزبان پاکستان ہے، وینیو کا فیصلہ ایشین کرکٹ کونسل کرے گی۔بورڈ کے ترجمان نے کہا کہ اے سی سی کا بورڈ صورت حال کا جائزہ لے کر جو فیصلہ کریگا سب کو قابل قبول ہوگا، ایشیا کپ کی میزبانی پاکستان نے کرنی ہے، یہ بات طے ہے۔ایشین کرکٹ کونسل کا اجلاس 3 مارچ کو دبئی میں ہو گا، جس میں ایشیا کپ 2020 کے مستقبل کا فیصلہ کیا جائیگا۔