وزیر اعظم کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس آج ہوگا

اسلام آباد:وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس آج ہو گا جس میں وفاقی کابینہ ملکی سیاسی، معاشی اور کورونا کی صورتحال پر غور کرے گی۔
ترجمان کے مطابق وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت آج ہونے والے وفاقی کابینہ کے اجلاس میں پی ڈی ایم کے بیانیے پر حکمت عملی طے ہوگی جبکہ وفاقی کابینہ ملکی سیاسی، معاشی اور کورونا کی صورتحال پر بھی غور کرےگی۔اجلاس میں اقتصادی امور ڈویژن غیر ملکی فنڈز کے استعمال پر بریفنگ دے گا جبکہ پیٹرولیم ڈویژن گیس کی منصوبہ بندی کے حوالے سے بریفنگ دے گااور وزارت داخلہ اور سی ڈی اے مارگلہ روڈ تجاوزات کے خاتمے پر ٹائم فریم سے آگاہ کرے گا۔
کابینہ اجلاس میں گلگت بلتستان میں تین سال کے لیے ایف سی تعیناتی کی سمری منظوری کے لیے پیش ہوگی جبکہ پیمرا کونسل آف شکایات کی تشکیل نو بھی ایجنڈے میں شامل ہے۔ اس کے علاوہ ہائیڈو کاربن ڈویلپمنٹ انسٹیٹیوٹ کے ڈی جی کی تقرری اور نوشہرہ میں ریلوے زمین پر کثیر المنزلہ عمارت کے تنازعہ کا معاملہ بھی ایجنڈے میں شامل ہے۔