پاک فوج ہمارا قابل فخر سرمایہ ہے, انتخابات کیلئے مختلف شکاری طاہرالقادری کا کندھا استعمال کرنا چاہتے ہیں : رانا ثناء اللہ
صوبائی وزیر قانون و پارلیمانی اموررانا ثناء اللہ خاں نے کہا ہے کہ حکومت ،فوج،سعد رفیق کے بیان میں کوئی ابہام نہیں۔سعد رفیق نے فوج کے خلاف کوئی بات نہیں کی۔سعد رفیق نے فوج کے کردار کو سراہا ہے۔سعد رفیق کی بات کی سو فیصد تائید کرتا ہوں۔پاک فوج ہمارا ایک ادارہ اور فخر ہے۔ہم نے سانحہ ماڈل ٹائون کی رپورٹ پبلک کی ہے۔مختلف شکاری طاہرالقادری کا کندھا استعمال کرنا چاہتے ہیں۔دھرنا اس لیے دیا گیا کہ ہم کہیں لوڈشیڈنگ نہ دور کردیں۔حکمران جماعت کو عدم استحکام کا شکار کرنے کے لیے سازش کی جار ہی ہے۔نواز شریف کو عہدے سے الگ کرنے کے باوجود ن لیگ کی مقبولیت کم نہیں کر سکے۔وہ پنجاب اسمبلی میں میڈیا سے گفتگو کررہے تھے۔ رانا ثناء اللہ خاں نے کہا کہ خواجہ سعد رفیق نے جن چھوٹی چھوٹی شرارتوں کا ذکر کیا قطعاً ان سے مراد یہ نہیں کہ پاک فوج ایسی کسی بھی شرارت میں ملوث ہے۔ انھوں نے کہا کہ سانحہ ماڈل ٹائون کے حوالے سے باقر نجفی کی رپورٹ پبلک ہونے سے علامہ طاہر القادری کی اگر کوئی خواہش پوری نہیں ہوئی تو وہ رپورٹ ان کے پاس ہے ان کو پورا حق ہے کہ وہ ٹرائل کورٹ سے رجو ع کرلیں۔ انہوں نے کہا کہ عدلیہ اس ملک میں آزاد ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر کسی کو ہم سے گلہ ہو سکتا ہے تو ہمیں بھی کسی سے گلہ ہے ا ور اگر کسی کو انصاف کی توقع ہے تو ہمیں بھی انصاف کی توقع ہے۔ انہوں نے کہا کہ کچھ شکاری علامہ طاہر القادری کا کندھا استعمال کرتے ہوئے اپنے الیکشن کو آسان بنانا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دھرنوں اور لاک ڈائون کی سیاست کے باوجود عمران خان اور طاہر القادری ن لیگ کی مقبولیت کو کم نہیں کرسکے۔ انہوں نے کہا کہ اب آخری حربہ پنجاب حکومت کے خلاف آزمایا جا رہا ہے۔ رانا ثناء اللہ خاں نے کہا کہ یہ لوگ چاہتے ہیں کہ اب پنجاب میں عدم استحکام لایا جائے، افراتفری پیدا کی جائے تاکہ پنجاب حکومت پر اعتماد طریقے سے الیکشن میں حصہ نہ لے سکے۔