بہت سی عالمی منڈیا ں ایسی ہیں جن تک پاکستان کی اس طرح رسائی نہیں جس کی ضرورت ہے : پاکستان کارپٹ مینو فیکچررز اینڈ ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن
لاہور( کامرس رپورٹر )حکومت اپنی سرپرستی میں کارپٹ انڈسٹری کو ترقی دے کر دیہی علاقوں میں بسنے والوں کو ان کی دہلیز پر روزگار کے مواقع فراہم کر کے ان کی زندگیوں میں انقلاب برپا کر سکتی ہے جس سے شہروں پر بڑھتے ہوئے بوجھ کو بھی کم کرنے میں مدد ملے گی ،بلا شبہ حکومت ہر طرح کی انڈسٹری کی ترقی کیلئے اپنا ہر ممکن تعاون فراہم کر رہی ہے تاہم مطالبہ ہے کہ برآمدات اور ریفنڈ کی واپسی سمیت دیگر معاملات میں پیچیدگیوں کے خاتمے کیلئے فوکل پرسنز تعینات کئے جائیں۔ان خیالات کا اظہار پاکستان کارپٹ مینو فیکچررز اینڈ ایکسپورٹرز ایسوسی کے چیئرمین محمد اسلم طاہر ،چیئر پرسن کارپٹ ٹریننگ انسٹی ٹیوٹ پرویز حنیف ،وائس چیئرمین شیخ عامر خالد،سینئر مرکزی رہنما عبد اللطیف ملک، سینئر ممبر ریاض احمد ،سعید خان ،ملک اکبر ،اعجاز الرحمان ،میجر (ر)اختر نذیر نے اپنے مشترکہ بیان میں کیا ۔انہوں نے کہا کہ بہت سی عالمی منڈیا ں ایسی ہیں جن تک پاکستان کی اس طرح رسائی نہیں جس کی ضرورت ہے ، ہمیں ترقی یافتہ ، ترقی پذیر ،بڑے یا چھوٹے ملک اور منڈیوں کی تفریق کے بغیر ان تک رسائی حاصل کرنے کیلئے عملی کاوشیں کرنا ہوں گی ۔ انہوں نے کہا کہ عالمی منڈیوں میں روایتی حریف سمیت دیگر ممالک کی سبقت کو ختم کرنے کیلئے حکومت پاکستان کی سرپرستی نا گزیر ہے ، حکومت خطے کے ممالک کی طرزپر مراعات اور سہولیات دے تاکہ ان ممالک کا مقابلہ کیا جا سکے جس سے ہماری برآمدات میں بھی کئی گنا اضافہ ہوگا جو معیشت کے لئے تقویت کا باعث ہوگا۔