چیئرمین ایف بی آر شبر زیدی کی تعیناتی کے خلاف درخواست مسترد

اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس اطہر من اللہ نے چیئرمین فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر)محمد شبر زیدی کی تعیناتی کے خلاف دائر درخواست ناقابل سماعت قرارد یتے ہوئے مسترد کر دی۔چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ جسٹس اطہر من اللہ نے استفسار کیا کہ ریکوڈیک کے کیس میں جو کچھ ہوا پتہ ہے الزام کس پر آیا؟ چیف جسٹس کا کہنا تھا کہ پبلک میں یہ تاثر عام ہے کہ معیشت کے حالات برے چل رہے ہیں۔ ایسے حالات میں عدالت ایگزیکٹو کے اختیارات میں مداخلت نہیں کرے گی۔ عدالت نے درخواست گزار سے مکالمہ کرتے ہوئے کہا کہ آپ ممبران اسمبلی سے کہیں معاملہ پارلیمنٹ میں اٹھائیں۔ چیف جسٹس کا کہنا تھا کہ اگر ہم یہ تعیناتی کالعدم قرار دے دیں تو یہ الزام ہم پر آئے گا۔۔ عدالت معیشت کی موجودہ صورتحال کا بوجھ نہیں اٹھا سکتی۔ایگزیکٹو نے سوچ سمجھ کر ان کی تعیناتی کی ہو گی۔ چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ کا کہنا تھا کہ ایگزیکٹو اور پارلیمنٹ عوام کے سامنے جوابدہ ہے۔ عدالت نے شبر زیدی کی بطور چیئرمین ایف بی آر تعیناتی کے خلاف دائر درخواست ناقابل سماعت قرارد یتے ہوئے مسترد کر دی۔