شاہ محمود قریشی کا آذربائیجان کے ہم منصب کو ٹیلی فون،مقبوضہ کشمیر کی صورتحال پر تبادلہ خیال
وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے آذربائیجان کے وزیر خارجہElmar Mammad yarov کو ٹیلی فون کیا اور ان سے مقبوضہ کشمیر کی سنگین صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔
انہوں نے اپنے ہم منصب کو بتایا کہ بھارت نے یکطرفہ اقدامات کے ذریعے مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کر دی ہے جو اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کی خلاف ورزی ہے۔انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں سات لاکھ فوجیوں کی موجودگی کے باوجود وہاں مزید فوجیوں کی تعیناتی اس بات کا منہ بولتا ثبوت ہے کہ بھارت کشمیریوں کا قتل عام کرنے کے در پے ہے۔وزیر خارجہ نے کہا کہ بھارت اپنے یکطرفہ اور غیر قانونی اقدامات کے ذریعے مقبوضہ کشمیر میں مسلم اکثریت کو اقلیت میں تبدیل کرنا چاہتا ہے۔اس موقع پر آذربائیجان کے وزیر خارجہ نے مقبوضہ کشمیر کی صورتحال پر گہری تشویش ظاہر کرتے ہوئے خطے میں تصفیہ طلب تنازعات کے پر امن حل کی ضرورت پر زور دیا ہے