ٹی ایم اے میں ایم او آراور ایم او سروسز کی سیٹیں خالی ، ایم او فنانس دو ماہ کی چھٹی پر
راولپنڈی (نعمان شاد)ٹی ایم اے جیسے اہم ادارے میں ایم او آراور ایم او سروسز کی سیٹیں خالی پڑی ہیں جبکہ ایم او فنانس دو ماہ کی چھٹی پر ہیں جس کے باعث ادارہ میں انتظامی کام نہایت سست روی کا شکا ر ہیں تاہم خمیازہ سائلین کو بھگتنا پڑتا ہے ،ذرائع کے مطابق وزیر اعظم پورٹل پر ڈینگی کے خلاف شکایت کی بھر مار ہے تاہم شنوائی نہ ہونے کے باعث ڈینگی کے مریضوں میں دن بدن اضافہ ہوتا جا رہا ہے ، اس صورتحال پر جب ایم پی او اسلام عباسی سے بات کی گئی تو انہوں نے بتایا کہ افرادی قوت کی اس قدر کمی ہے کہ ایک بندے کو دس بندوں کا کام کرنا پڑتا ہے ،جبکہ دوسری جانب نئی بھرتیوں پر پابندی کے باعث کام اتنا زیادہ ہے کہ ہم اکثر رات دس بجے چھٹی کرتے ہیں ،شہر میں جاری تعمیرات پر بات کرتے ہوئے بتایا کہ حکومت کو ریفرنس بھیج رہے ہیں کہ تعمیراتی پلاننگ کے حوالہ سے واضح لائحہ عمل دیا جائے ،بلدیاتی نظام کے خاتمے پر ان کا کہنا تھا کہ اب کام کرنا نہایت آسان ہو گیا ہے پہلے ہمیں سیاسی اثرو رسوخ کا سامنا رہتا تھا جب کہ اب ہر کام بیوروکریسی کے تحت سرانجام دیا جا رہا ہے اور بیوروکریٹ قانون کے مطابق کام کرتے ہیں ،ادارے میں کشمیر کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لئے ہفتہ میں ایک دن واک کا اہتما م کیا جاتا ہے ۔