محکمہ بلدیات کے تمام ملازمین کو صبح9بجے اپنی حاضری یقینی بنانا ہوگی ،سعید غنی
کراچی (اسٹاف رپو رٹر ) وزیر بلدیات سندھ سعید غنی نے کہا ہے کہ سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی سمیت محکمہ بلدیات کے تمام ملازمین کو اب صبح 9.00 بجے اپنی ڈیوٹیوں پر حاضر ہونا ہوگا۔ ایس بی سی اے میں اب کوئی غیر قانونی تعمیرات کی شکایات ملی تو مذکورہ افسر کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔ صوبہ سندھ اور بالخصوص شہر کراچی میں غیر قانونی تعمیرات کو کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔ ایس بی سی اے عوامی شکایات کے ازالے کے لئے جہاں منسٹری لوکل گورنمنٹ میں شکایاتی سیل قائم کیا جارہا ہے وہاں محکمے میںسیل قائم کیا جائے۔ کراچی کے تمام ٹائونز میں غیر قانونی تعمیرات اور ان کے خلاف کی جانے والی کارروائیوں اور متعلقہ افسران کی فہرست بھی فراہم کی جائے۔ کراچی میں غریب اور متوسط طبقے کے عوام کے لئے سستے پلاٹ اور آسان ترقیاتی اسکیموں کو متعارف کرایا جائے۔ اب جو افسران ڈیوٹیوں پر آئیں گے وہی تنخوائیں لیں گے اور جو افسران اور ملازمین چاہے ان کا تعلق کسی بھی سیاسی جماعت سے ہو ان کو اداروں میں کام کرنا پڑے گا ورنہ انہیں گھر جانا پڑے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کے روز سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کے مرکزی دفتر میں دورے اور وہاں منعقدہ اجلاس کی صدارت اور بعد ازاں میڈیا بریفنگ کے دوران کیا۔ اس موقع پر ڈی جی ایس بی سی اے افتخار قائمخانی، سنئیر ڈائیریکٹر اسکار درانی، حافظ جواد، محمد احمد مدنی، مشتاق رحیم سومرو، رحمت شاہ، شاہد جمیل الدین خان، ظفر احسن، سرفراز احمد، محترمہ عصمہ، رونق سلطانہ، امجد علی، سید غضنفر حسین، فرحان قیصر سمیت دیگر اعلیٰ افسران بھی موجود تھے۔ قبل ازیں دو گھنٹے سے زائد جاری اجلاس کے دوران ڈی جی افتخار قائمخانی اور دیگر سنئیر افسران نے صوبائی وزیربلدیات کو ادارے کے حوالے سے مکمل بریفنگ دی اور انہیں موجودہ صورتحال سمیت دیگر امور سے آگاہ کیا۔