ورکنگ باؤنڈری پر بھارتی فوج کی اندھا دھند فائرنگ کے بعد اقوام متحدہ کے ملٹری مبصرین کی تین رکنی ٹیم نے سیالکوٹ میں متاثرہ علاقوں کا دورہ کیا، انہوں نے کندن پور میں بھارتی جارحیت سے ہونے والے نقصانات کا جائزہ لیا اور زخمیوں اور شہداء کے ورثا سے ملاقاتیں بھی کیں۔
مقامی لوگوں نے اقوام متحدہ کے مبصرین کو بھارت کی بلااشتعال فائرنگ اور گولہ باری سے متعلق نقصانات سے آگاہ کیا-شہریوں کا کہنا تھا کہ بھارت اپنی اشتعال انگیزیوں اور طاقت کے ذریعے انہیں ہراساں نہیں کرسکتا۔ وہ پاکستان کے شہری اور پاک فوج کے ساتھ کھڑے ہیں۔ اقوام متحدہ کی ٹیم نے بھارتی گولہ باری کے باعث متاثرہ علاقوں میں ہونے والی تباہی کی تصاویر بھی بنائیں اور رپورٹ تیار کرلی۔
امریکا کے مشیر برائے قومی سلامتی کل پاکستان پہنچیں گے جنہیں بھارتی اشتعال انگیزی سے متعلق آگاہ کیا جائے گا
دوسری جانب امریکا کے مشیر برائے قومی سلامتی سوزین رائس کی قیادت میں اعلیٰ سطح کا وفد بھی پاکستان پہنچ رہا ہے۔امریکی وفد وزیراعظم نواز شریف، جنرل راحیل شریف اور مشیر برائے قومی سلامتی سرتاج عزیز سے بھی ملاقات کرے گا۔ ملاقاتوں میں پاک امریکہ تعلقات، ورکنگ گروپس کی کارکردگی، اتحادی سپورٹ فنڈ سمیت افغان حکومت اور طالبان کے درمیان مذاکرات سمیت دیگر امور پر بات چیت کی جائے گی۔ مشیر خارجہ سرتاج عزیز پاکستان میں بھارتی مداخلت، پاک بھارت سرحدی تناو سمیت دونوں ممالک کے مشیران خارجہ کی ملاقات کی منسوخی کا معاملہ اٹھائیں گے۔