پوزیشن ہولڈر طلبہ کیلئے تقریب، فروری میں نالج پارک کا سنگ بنیاد رکھیں گے: وزیر تعلیم
لاہور (سٹاف رپورٹر) صوبائی وزیر تعلیم رانا مشہود احمد خان نے کہا ہے کہ پاکستان کا مستقبل تعلیم سے وابستہ ہے تحقیق کے میدان میں ترقی کے لئے فروری 2016ء میں پاکستان کے پہلے نالج پارک کا سنگِ بنیاد رکھیں گے وہ پنجاب یونیورسٹی کے الرازی ہال میں بی اے/ بی ایس سی کے سالانہ امتحانات 2015ء میں پوزیشن حاصل کرنیوالے امیدواروںکے اعزاز میں منعقدہ تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔ اس موقع پر وائس چانسلر ڈاکٹر مجاہد کامران، پروفیسر ڈاکٹر شاہد منیر، سینئر فیکلٹی ممبران، پوزیشن حاصل کرنے والی طالبات عائشہ خان، حفصہ، فصاحت فاطمہ، رملہ طیب، اُمِ کلثوم اور طالبعلم اظہر علی، والدین اور اساتذہ موجود تھے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے رانا مشہود نے کہا کہ نالج پارک کے قیام کا مقصد اکیڈمی اور انڈسٹری کو اکٹھا کرنا ہے اور صنعتوں کو یونیورسٹیوں میں ہونے والی تحقیق کا فائدہ پہنچائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ اگر پاکستان ترقی کرے گا تو عالم اسلام مضبوط ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ بھارت پاکستان میں دہشت گردوں کی اسی لئے مدد کر رہا ہے تاکہ پاکستان میں حالات خراب رکھے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ نوجوان ملک کو آگے لے کر جائیں گے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر مجاہد کامران نے کہا کہ پاکستان دنیائے اسلام کی واحد ایٹمی طاقت ہے اور ہمارے پاس ایک مضبوط فوج ہے۔ ہماری بدقسمتی یہ ہے کہ پاکستانی عوام کی اکثریت تعلیم یافتہ نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ دنیا بھر میں تعلیم پر اوسطاً 5 فیصد خرچ کیا جا رہا ہے جبکہ پاکستان میں دو فیصد سے بھی کم تعلیم پر خرچ کیا جاتا ہے۔ اس موقع بریفنگ دیتے ہوئے کنٹرولر امتحانات پروفیسر ڈاکٹر شاہد منیر نے کہا کہ 121,658 امیدواروں میں سے صرف 20 کا نتیجہ تاخیر کا شکار ہے۔ آئندہ برس سے بی اے بی ایس سی کے امتحانات کا نظام تبدیل ہو گا اور بی اے بی ایس پارٹ 1 کا امتحان لیا جائے گا اور پارٹ ٹو کا امتحان 2017ء میں لیا جائے گا۔ اس موقع پر بی اے اور بی ایس سی میں پہلی، دوسری اور تیسری پوزیشن حاصل کرنے والی طالبات اور طالبعلم میں بالترتیب ایک لاکھ، 75 ہزار اور پچاس ہزار روپے کے چیک ، شیلڈز اور اسناد تقسیم کی گئیں۔ علاوہ ازیں کمشنر لاہور ڈویژن عبداللہ خان سنبل نے لاہور بورڈ کے میٹرک امتحان میں پہلی تین پوزیشنیں حاصل کرنے والی ڈویژنل پبلک سکول ماڈل ٹائون لاہور کی طالبان کو میڈلز و شیلڈز دینے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ اعلیٰ ترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے طلباء و طالبات ہمارے ملک کے مستقبل کیلئے قیمتی اثاثہ ہیں۔ نمایاں پوزیشن حاصل کرنے والے طلبا و طالبات کو شہباز شریف اپنی قائم کردہ خوبصورت روایت کے مطابق دعوت دینگے اور ذہانت کا سکہ منوانے والے طلبا و طالبات کو بھوربن میں گارڈ آف آنرز بھی پیش کیا جائے گا۔ علاوہ ازیں وزیر تعلیم رانا مشہود احمد خاں نے پنجاب کے تمام تعلیمی بورڈز کو ہدایت کی ہے کہ صوبہ بھر میں انٹرمیڈیٹ سالانہ امتحان برائے2015ء کے نتائج کے صاف و شفاف اوربروقت اعلان کو یقینی بنایا جائے۔ اس سلسلے میں کوئی کوتاہی برداشت نہیں کی جائیگی۔ یہ بات انہوں نے گزشتہ روز لاہور بورڈ کے کمیٹی روم میں منعقدہ پنجاب بورڈز کمیٹی آف چیئرمین کے ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔ اجلاس میں صوبے کے تمام 9تعلیمی بورڈز کے چیئرمین صاحبان نے شرکت کی۔واضح رہے کہ صوبہ بھر میں انٹر میڈیٹ سالانہ امتحان 2015 ء کے نتائج کا اعلان 12 ستمبر 2015 ء کو کیا جا رہا ہے۔