بابا بلھے شاہؒ کے عرس کی تقریبات شروع، سکیورٹی کے سخت انتظامات
قصور+لاہور (نمائندہ نوائے وقت+خصوصی نامہ نگار) صوبائی وزیر اوقاف ومذہبی امور میاں عطا محمد مانیکا نے گزشتہ روز عظیم صوفی شاعر حضرت بابا بلھے شاہؒ کے دربار پر چادرپوشی کرکے 258 ویں سالانہ عرس کی تین روز تقریبات کا افتتاح کیا۔ اس موقع پر سیکرٹری اوقاف شہریار سلطان ڈی جی اوقاف ڈاکٹر طاہر رضا بخاری‘ ارکان پنجاب اسمبلی حاجی محمد نعیم صفدر انصاری، محمد یعقوب ندیم سیٹھی، ڈی سی او قصور عدنان ارشد اولکھ ، ڈی پی او علی ناصر رضوی بھی موجود تھے ۔ صوبائی وزیر نے چادر پوشی کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ صوفیا کرام نے اپنے اخلاق اور کردار سے برصغیر میں اسلام کی شمع روشن کی ۔ اسلام ایک امن پسند دین مگر دہشت گردی کی وجہ سے اسلام کا نام پوری دنیا میں بدنام ہوا ہے۔ اس موقع پر مقامی معززین نے صوبائی وزیر کو ناقص انتظامات کا بتایا کہ دربار کے احاطہ میں زائرین کے لئے پینے کا پانی اور بیٹھنے کے لئے سایہ تک نہ ہے اور نہ ہی عورتوں کے لئے علیحدہ پردہ کا انتظام ہے جس پر وزیر نے اوقاف اور مقامی کمیٹی کو سایہ اور زائرین کے لئے پینے کے ٹھنڈے پانی کی فراہمی کو یقینی بنانے کی ہدایت کی۔ پولیس کی جانب سے سکیورٹی کے انتظام انتہائی سخت کئے گئے۔ آج عرس کے دوسرے روز حسن قرات اور نعت خوانی ہو گی۔ بعداز نماز عشاء نذیر اعجاز فریدی قوال عارفانہ کلام پیش کریں گے۔ تقریب کی صدارت سید پیر عمران احمد ولی شاہ کریں گے، ضلع قصور میں آج عام تعطیل ہو گی۔