بھارتی جارحیت کیخلاف جماعت اسلامی نے پنجاب اسمبلی میں قرارداد جمع کرا دی
لاہور (خصوصی نامہ نگار) جماعت اسلامی نے بھارتی جارحیت کے خلاف پنجاب اسمبلی سیکرٹریٹ میں قرارداد جمع کرا دی۔ ڈاکٹر سید وسیم اختر کی جانب سے جمع کرائی جانے والی قرارداد میں کہا گیا ہے کہ ’’یہ ایوان سیالکوٹ سیکٹر پر بھارتی فائرنگ کے نتیجے میں شہید ہونے والے پاکستانیوں کے لواحقین سے دلی تعزیتی کرتا ہے اور حکومت سے یہ مطالبہ کرتا ہے وہ بھارتی جارحیت روکنے کیلئے بین الاقوامی سطح پر آواز اٹھائے نیز او آئی سی اور اقوام متحدہ اس حوالے سے اپنا کردار ادا کریں۔ دریں اثناء ڈاکٹر سید وسیم اختر نے کہا لائن آف کنٹرول پر بھارتی جارحیت ناقابل برداشت ہوتی جارہی ہے۔ بھارت ہم سے گولی اور بندوق کی بات کرتا ہے اور ہمارے حکمران دن رات اس سے دوستی کرنے کے سپنے دیکھتے رہتے ہیں۔