الزامات کی سیاست عوام کے ووٹوں تلے ہمیشہ کیلئے دفن کر دینگے: نواز شریف
اسلام آباد (نمائندہ خصوصی+ نوائے وقت رپورٹ) وزیراعظم محمد نواز شریف نے کہا ہے کہ عوام کے حقیقی ووٹ کے ذریعے پارلیمنٹ میں آئیں گے، ضمنی انتخابات میں سپریم کورٹ کی بجائے عوام کی عدالت میں جانے کا فیصلہ کیا ہے، احتجاجی سیاست نے عوام کو کچھ نہیں دیا، 2013ء کا مینڈیٹ حقیقی ہے ثابت کر کے قوم کو دکھائیں گے۔ ترجمان وزیراعظم ہائوس کے مطابق سابق سپیکر ایاز صادق نے وزیراعظم نواز شریف سے ملاقات کی ہے جس میں ملک کی مجموعی سیاسی صورتحال سمیت الیکشن ٹربیونل کے فیصلے اور ضمنی انتخابات کے حوالے سے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیراعظم نے ایاز صادق کو پارٹی اجلاس کے فیصلوں سے آگاہ کیا جس پر سابق سپیکر نے کہا کہ الیکشن ٹربیونل کی جانب سے لگائے گئے الزامات پر عدالت سے رجوع کروں گا تاہم فیصلے کے خلاف حکم امتناعی نہیں لوں گا۔ حکم امتناعی کے پیچھے نہیں چھپیں گے، پارٹی کا فیصلہ سر آنکھوں پر۔ میری دلی خواہش تھی کہ ضمنی الیکشن میں ایک بار پھر عوام سے رجوع کروں۔ پارٹی قیادت کے فیصلے کے مطابق الیکشن لڑوں گا اور پہلے سے زیادہ ووٹ حاصل کر کے دکھائوں گا۔ وزیراعظم نواز شریف نے کہا کہ عام انتخابات میں حقیقی مینڈیٹ لیکر پارلیمنٹ میں آئے تھے۔ الیکشن ٹربیونل کے فیصلے سے لیگی کارکن مایوس ہوئے ہیں تاہم پارٹی نے سپریم کورٹ جانے کی بجائے ضمنی الیکشن میں حصہ لینے کا فیصلہ کیا کیونکہ ہمیں یقین ہے کہ ہم عوام کے حقیقی ووٹ کے ذریعے ہی ایوان میں آئے ہیں، انشاء اللہ ضمنی الیکشن میں کامیابی حاصل کر کے قوم کو بتائیں گے کہ مسلم لیگ (ن) عوام کی جماعت ہے اور ملک کو ترقی و خوشحال کی جانب لیکر جا رہی ہے، احتجاجی سیاست نے عوام کو کچھ نہیں دیا، بے بنیاد الزامات کے ذریعے عوام کو گمراہ کیا جارہا ہے۔ احتجاجی سیاست کی کوئی گنجائش نہیں۔ دھاندلی کے الزامات کی سیاست عوام کے ووٹوں تلے ہمیشہ کے لئے دفن ہوجائے گی۔ عوام کی عدالت میں 2013ء میں بھی سروخرو ہوئے اب بھی ہونگے۔ وزیراعظم نے ہدایت کی کہ پارٹی ایاز صادق کی کامیابی کیلئے بھرپور مہم چلائے۔ دریں اثنا وزیراعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) ہمیشہ عوام کی عدالت میں جانے کو ترجیح دیتی ہے۔ سابق وفاقی وزیر غلام احمد بلور نے وزیراعظم نواز شریف سے ملاقات کی اور (ن) لیگ کی جانب سے حلقہ این اے 122 اور 125میں خلاف فیصلہ آنے پر عدالت سے رجوع کرنے کے بجائے ضمنی انتخابات میں حصہ لینے کے فیصلے کی تعریف کی۔ وزیراعظم نے کہا کہ مسلم لیگ ن ضمنی الیکشن میں حصہ لے گی۔ عوام کے ووٹوں سے پارلیمنٹ میں آئے ہیں، جب بھی موقع ملا تو عوام سے ہی رجوع کیا۔ مسلم لیگ ن عوام کی عدالت میں جانے کو ہمیشہ ترجیح دیتی ہے۔ دریں اثناء وفاقی وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کے نواز شریف سے این اے 122میں الیکشن لڑنے کے مطالبہ کو مضحکہ خیز قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس حلقہ میں پہلے والے امیدواروں کو ہی مدمقابل آنا چاہئے۔ عمران خان میں ہمت ہے تو وہ یہ رسک قبول کریں۔ سوشل میڈیا پر اپنے پیغام میںخواجہ محمد آصف نے کہا کہ این اے 122عمران خان کا گھریلو حلقہ ہے لیکن وہ یہاں تین مرتبہ شکست کھا چکے ہیں ، وہ دو مرتبہ سردار ایاز صادق اور ایک مرتبہ طارق عزیز کے مقابلہ میں ہار چکے ہیں۔ خواجہ محمد آصف نے کہا کہ عمران خان کی مثال ’’جتھے دی کھوتی اوتھے آ کھلوتی‘‘ والی ہے۔ پہلے دھرنا دیا، اسمبلیوں کو جعلی کہا پھر واپس اسمبلیوں میں آگئے اب پھر دھرنے کی دھمکیاں دے رہے ہیں، عمران خان آکر دے لیں دھرنا جو پہلے کیا وہ اب بھی کرلیں۔