معاشی ترقی کے متعلق پاکستان کی فراہم معلومات مشکوک ہیں‘ تحقیقات ہونگی: آئی ایم ایف
کراچی (این این آئی) عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) نے معاشی بہتری کے حوالے سے پاکستان کی فراہم کردہ معلومات مشکوک قرار دے دیں، آئی ایم ایف کا کہنا ہے گزشتہ مالی سال کی بیلنس شیٹ کی تحقیقات کرائی جائیں گی۔ آئی ایم ایف حکام کہتے ہیں پاکستان نے مالی سال 2014-15ءمیں بجٹ خسارے کے جو اعدادوشمار فراہم کئے، ان پر شک ہے۔ حکو مت کے مطابق بجٹ خسارہ 14کھرب 50ارب روپے رہا۔ ابتدا میں بجٹ خسارہ 18کھرب روپے بتایا گیا تھا۔ خسارے میں اتنی نمایاں کمی کیسے ہوگئی؟ تین رکنی وفد پاکستان کی بیلنس شیٹ کا آڈٹ کرے گا۔ سابق گورنر سٹیٹ بینک نے حکومتی اعدادوشمار کو تنقید کا نشانہ بنایا۔ سابق وزیر خزانہ نے بھی خسارہ 8.5 فیصد سے کم ہوکر 5.3 فیصد آنے پر حیرت کا اظہار کیا۔ بہرحال اب تحقیقات ہوں گی تو معلوم ہوگا کہ اصل کہانی کیا ہے اگر حکومت کے فراہم کردہ اعدادوشمار غلط ثابت ہوگئے، تو نہ صرف عالمی مالیاتی فنڈ سے 50 کروڑ ڈالر قرضے کی اگلی قسط کھٹائی میں پڑ جائے گی بلکہ عالمی بینک اور ایشیائی ترقیاتی بینک سے بھی قرضے کا حصول انتہائی مشکل ہوجائے گا۔
آئی ایم ایف/ مشکوک