3 ٹریفک وارڈنز نے شہری سے ایک لاکھ چھیننے والے ڈاکو کو پکڑ لیا‘ ساتھی فرار
لاہور (سٹاف رپورٹر) چیف ٹریفک آفیسر لاہور طیب حفیظ چیمہ نے کہا ہے کہ ٹریفک سیکٹر انچارج شادمان اور 3 ٹریفک وارڈنز نے شہری سے ایک لاکھ روپے چھیننے والے2 ڈاکوئوں کا تعاقب کرتے ہوئے ایک ڈاکو کو نقدی اور ٹیوٹا کرولا کار سمیت گرفتار کرلیا جبکہ ساتھی فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا قصور کا رہائشی فقیر محمد ولد معراجدین مزنگ چونگی کھڑا تھا کہ کار میں سوار2 افراد نے لفٹ دینے اور راستہ پوچھنے کا بہانہ بنا کر فقیر محمد کو گاڑی میں بٹھا لیا۔ ملزمان نے گن پوائنٹ پر فقیر حسین سے نقدی ایک لاکھ روپے چھین کر اسے گاڑی سے باہر پھینک دیا۔ ملزمان کی گاڑی کی ڈکی کھلی دیکھ کر فقیر حسین ڈکی میں چھپ گیا اور چوک میں پہنچ کر ٹریفک اہلکاروں کو دیکھتے ہی اس نے مدد کیلئے شور مچا دیا۔ ڈیوٹی پر مامور انچارج سیکٹر سید اسرار حسین، پٹرولنگ آفیسر حنیف، ساجد اور ٹریفک وارڈن آصف نے ملزمان کا تعاقب شروع کر دیا اور ایک ڈاکو مقصود احمد کو لوٹی گئی رقم اور کار سمیت قابو کر لیا۔