عیدالفطر کا چاند دیکھنے کیلیے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس کل ہوگا، جبکہ پشاورمیں مسجد قاسم خان کمیٹی نے عید کا چاند دیکھنے کے لیے اجلاس آج طلب کرلیا ۔
پاکستان میں عیدالفطر کا چاند دیکھنے کیلیے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس کراچی میں ہوگا۔کمیٹی کے چیرمین مفتی منیب الرحمن اجلاس کی صدارت کرینگے اس کے علاوہ زونل کمیٹیوں کے اجلاس بھی بیک وقت منعقد ہونگے۔ ادھرپشاور کی مسجد قاسم خان میں مفتی شہاب الدین پوپلزئی نےعیدالفطر کاچاند دیکھنے کیلئے غیر سرکاری رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس آج طلب کرلیا ہے۔مفتی شہاب الدین پولزئی کا کہناہے کہ وہ اس اجلاس میں حکومتی نمائندوں کی شرکت کو خوش آمدید کہیں گے۔واضح رہے کہ مسجد قاسم خان کی کمیٹی کی جانب سےسرکاری اعلان سےایک روز قبل ہی رمضان کے چاند نظرآنے کا اعلان بھی کیا گیا تھاجبکہ ماہرین موسمیات اورسرکاری رویت ہلال کمیٹی کیجانب سے اسکی مخالفت کی گئی تھی ۔ اس مرتبہ پورے عالم اسلام میں ایک ہی روز عید منائے جانے کا امکان ظاہر کیا جارہا ہےکیونکہ سعودی عرب کے ماہرین فلکیات کا کہنا ہے کہ سعودی عرب میں پیر انتیس اگست کو چاند نظر آنے کا امکان نہیں اس طرح رمضان تیس دنوں کا ہوگا جو منگل تیس اگست کو ختم ہوگا۔ سعودی فلکیاتی سوسائٹی کے صدر مجید ابوزہراکےمطابق سعودی عرب میں انتیس اگست کو چاند نظر آنے کا امکان نہیں تاہم تیس اگست کو یہ واضح طور پر دیکھا جاسکے گا اس طرح سعودی عرب میں یکم شوال یعنی عیدالفطر بدھ اکتیس اگست کوہوگی۔