پاکستان سے عازمین حج کو سعودی عرب لے جانے کے لیے آج سے حج پروازوں کا آغاز کیا جا رہا ہے۔ منگل کے روز کل چھ حج پروازیں سعودی عرب روانہ ہوں گی۔ یہ بات پاکستان کے سرکاری میڈیا نے سرکاری ذرائع سے رپورٹ کی ہے۔پاکستان سے ایک اندازے مطابق حج 2025 کے لیے سرکاری حج سکیم کے تحت 80 ہزار عازمین حج فریضہ حج ادا کرنے کی سعادت حاصل کرسکیں گے۔ جبکہ نجی حج سکیم کے تحت 23620 عازمین حج روانہ ہوں گے۔تاہم بد قسمتی سے اس سال حج کے لیے پاکستان کے عازمین حج اپنے لیے مختص کیے گئے حج کوٹہ ایک لاکھ 79 ہزار سے پورا فائدہ نہیں اٹھا سکیں گے۔ اس لیے پاکستان سے اس کے لیے منظور شدہ کوٹہ سے کئی ہزار کم لوگ فریضہ حج ادا کر سکیں گے۔ اس بہت بڑی کوتاہی پر حکومتی سطح پر ایک تین رکنی کمیٹی بھی اسی ماہ تشکیل دی جا چکی ہے۔ تاکہ حج کوٹہ کے برابر تعداد نہ جا سکنے پر رپورٹ مرتب کر کے ذمہ داری کا تعین کرے۔منگل کے روز ابتدائی شیڈول کے مطابق 6 پروازیں سعودی عرب روانہ ہوں گے جن میں دو لاہور اور ایک ایک حج پرواز کوئٹہ، کراچی، اسلام آباد اور ملتان سے روانہ ہوں گی۔342 حج پرازوں کے ذریعے تقریباً 89000 عازمین حج 31 مئی تک سعودی عرب روانہ ہوں گے۔ ان میں سے 50500 عازمین حج 'مکہ روٹ انشیی ایٹو' کے ذریعے سعودی عرب جائیں گے۔'مکہ روٹ انیشی ایٹیو' میں پاکستانی عازمین حج کو امیگریشن کے سلسلے میں زیادہ سہولیات دے کر ان کا سفر آسان بنایا گیا ہے۔ یہ سلسلہ ابھی پاکستان کے محدود شہروں سے شروع کیا گیا ہے۔پاکستان کے علاوہ 4 دوسرے ملکوں میں بھی 'حج روٹ انشیی ایٹیو' کا آغاز 2019 سے سعودی وزارت حج نے کر رکھا ہے۔ ان میں انڈونیشیا، ملائیشیا، مراکش اور بنگلہ دیش شامل ہیں۔اس 'مکہ روٹ انیشی ایٹیو' کے ذریعے 28000 عازمین حج اسلام آباد سے جائیں گے، جبکہ 2250 کراچی سے روانہ ہوں گے۔ توقع ہے کہ رواں سال 25 لاکھ کے قریب مسلمان ادائیگی حج کی سعادت حاصل کر سکیں گے۔
حج 2025 : پاکستانی عازمین کو لے جانے والی پروازوں کا آج سے آغاز
Apr 29, 2025 | 10:35