جنوبی وزیرستان ، امن کمیٹی دفتر میں دھماکہ کا ، 7افراد جاں بحق : افغانستان سے آنیوالے مزید 17خوارج ہلاک

Apr 29, 2025

اسلام آباد‘ وانا (خبرنگار خصوصی+ نمائندہ خصوصی+ اپنے سٹا ف رپورٹر سے+ نوائے وقت رپورٹ) پاکستان کی سکیورٹی فورسز نے افغانستان کی جانب سے ملک میں در اندازی کی کوشش ناکام بناتے ہوئے مزید 17 خوارج کو ہلاک کردیا۔ اور خیبر پی کے میں جنوبی وزیرستان کے علاقے وانا میں بازار میں نامعلوم دہشتگردوں نے امن کمیٹی کے دفتر کو بم دھماکے سے اڑا دیا‘ 7افراد جاں بحق اور 29زخمی ہوگئے۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری بیان کے مطابق شمالی وزیرستان ضلع (این ڈبلیو ڈی) میں 25 تا 27 اپریل کے دوران سیکیورٹی فورسز کی کامیاب کارروائیوں کے نتیجے میں 54 خوارج ہلاک کیے گئے۔ آئی ایس پی آر نے کہا کہ ان کارروائیوں کے تسلسل میں 27 اور 28 اپریل کی درمیانی شب حسن خیل، شمالی وزیرستان اور پاکستان- افغانستان سرحد کے قریبی علاقوں میں ایک منظم کلیئرنس آپریشن کیا گیا۔ آپریشن کے دوران مزید  17 خوارج کو ٹھکانے لگایا گیا۔ سکیورٹی فورسز مادر وطن کی سرحدوں کے تحفظ اور پاکستان میں امن، استحکام اور ترقی کو سبوتاژ کرنے کی ہر کوشش کو ناکام بنانے کے لیے پرعزم ہیں۔ صدر مملکت آصف علی زرداری‘ وزیراعظم شہباز شریف اور وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے شمالی وزیرستان میں سنیٹائزیشن آپریشن میں سکیورٹی فورسز کی جانب سے مزید 17 خوارج کو جہنم واصل کرنے پر فورسز کو خراج تحسین  پیش کیا۔ خیبر پی کے میں جنوبی وزیرستان کے علاقے وانا میں بازار میں نامعلوم دہشتگردوں نے امن کمیٹی کے دفتر کو بم دھماکے سے اڑا دیا۔ ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال وانا کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا کہ جنوبی وزیرستان وانا میں بم دھماکے میں اب تک کی اطلاعات کے مطابق 7 افراد جاں بحق ہوچکے ہیں، دھماکے میں 29 افراد زخمی ہیں۔ دھماکے کے بعد کئی افراد ملبے تلے دب گئے۔ ریسکیو‘ انتظامیہ اور مقامی لوگوں نے ملبے تلے دبے افراد کو نکال کرہسپتال منتقل کیا۔ ہسپتال میں ایمرجنسی ڈکلئیر کردی گئی‘ سٹاف کی چھٹیاں معطل کی گئی ہیں، تمام زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد دی جارہی ہے۔ چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو‘ وفاقی وزیرداخلہ‘ پی پی رہنمائوں اور مشیر صحت خیبر پی کے احتشام علی نے دھماکے کی مذمت کی۔

مزیدخبریں