ن لیگ اور پی پی لوٹی دولت بچانے کیلئے کوشاں ہیں:لیاقت بلوچ
لاہور (خصوصی نامہ نگار)نائب امیر جماعت اسلا می اور سیاسی امور کمیٹی کے صدر لیاقت بلوچ نے منصورہ میں جماعت اسلامی وسطی پنجاب کے ذمہ داران کے کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کہاہے کہ حقیقی معنوں میں جماعت اسلامی ہی ملک میں اپوزیشن کا کردار ادا کر رہی ہے ۔ مسلم لیگ ن ، پیپلز پارٹی جواپنے آپ کو اپوزیشن کہتی ہیں ان کا اسلوب سیاست عوام کو حقوق اور ریلیف دینے کی بجائے احتساب اور لوٹی قومی دولت کو بچانے پر مرکوز ہے ۔ ہمارے لیے یہ ممکن نہیں کہ ہم ان کے ساتھ چلیں ۔ عید کے بعد کرپشن اور کرپٹ اشرافیہ کے خلاف اور لوٹی گئی قومی دولت کی واپسی کے لیے رابطہ عوام تحریک چلائیں گے۔ سیاسی واقتصادی بحران مسلسل گھمبیر اور خوفناک شکل اختیار کر رہاہے ۔ عمران خان نے سیاسی انتخابی معرکہ میں اپنے آپ کو نجات دہندہ تسلیم کرایا ، عوام نے ساتھ دیا ، ریاستی ادارے بھی پشتی بان بنے لیکن عمران خان نے اپنے گرد ہجوم اور مختلف الخیال آزمائے ناکارہ مہرے جمع کر لیے اسی لیے بحران بڑھ رہاہے ۔ عوام کے سارے خواب ، دعوے زمین بوس ہورہے ہیں ۔ لیاقت بلوچ نے کہاکہ الیکشن کمیشن آئینی ذمہ داری کے مطابق قبائلی علاقہ جات اور کے پی کے میں صوبائی حلقوںکا فوری انتخاب کرائے ۔ الیکشن کمیشن وزیراعظم کے انتخاب سے پہلے دوروں ، جلسوں کا نوٹس لے یہ قبل از انتخابی دھاندلی ہے ۔ قبائلی علاقوں کے اضلاع میں تباہ حال انفراسٹرکچر کو جنگی بنیادوں پر بحال کرے ۔ 25 ویںآئینی ترمیم کے بعد سفیران کی وزارت ختم ہوگئی شہر یار آفریدی کا سفیران کا قلمدان غیر آئینی اور غیر جمہوری ہے ۔