اشرف غنی کو فون: ٹرمپ کی حکمت عملی کے تحت ا فغان حکومت کی حمایت جاری رکھیں گے: امریکی نائب صدر
واشنگٹن (اے پی پی) امریکی نائب صدر مائیک پینس نے ٹیلی فون پر افغان صدر اشرف غنی سے گفتگو کی۔امریکی نشریاتی ادارے کے مطابق ایک بیان میں وائٹ ہاؤس نے کہا نائب صدر نے داعش کے حالیہ حملوں میں افغان عوام کی ہلاکتوں پر انتظامیہ کی جانب سے تعزیت کا اظہار کیا، جو اپنے ملک کے انتخابی عمل میں شرکت کے خواہاں ہیں۔مائیک پینس نے جمہوری انتخابات کے انعقاد اور سیاست میں سب کی شمولیت کی اہمیت کو اجاگر کیا، جو حکومتِ افغانستان کے طویل مدتی استحکام اور مؤثر ہونے کے لیے لازم ہے۔موسم بہار کی کارروائی کے بارے میں طالبان کے حالیہ اعلان کے جواب میں امریکی نائب صدر نے امریکہ اور بین الاقوامی برادری کی جانب سے اِس بات کا اعادہ کیا کہ جنوبی ایشیا سے متعلق صدر ٹرمپ کی حکمتِ عملی کے تحت افغان حکومت اور افواج کا ساتھ دیا جائے گا اور حمایت جاری رکھی جائے گی۔ادھر اِس ضمن میں اپنے ایک ٹویٹ میں افغان صدر نے کہا کہ امریکی نائب صدر مائیک پینس نے ان سے گفتگو کی جس میں اْنھوں نے کابل اور دیگر صوبوں میں ہونے والے حالیہ المناک حملوں میں جانی نقصان پر دل کی گہرائی کے ساتھ تعزیت کا اظہار کیا۔