غداری کیس: مشرف کا انتظار کرنے کی بجائے فیصلہ سنایا جائے: خصوصی عدالت میں درخواست
اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) سابق صدر پرویز مشرف کیخلاف سنگین غداری کیس میں استغاثہ نے خصوصی عدالت میں درخواست دائر کر دی ہے۔ اکرم شیخ نے درخواست میں کہا ہے کہ عدالت پرویز مشرف کو پیش ہونے کیلئے کئی مواقع دے چکی استغاثہ شہادتیں مکمل کر چکا مشرف کا عدالت سے رویہ سرکشی اور نافرمانی کا ہے۔ مشرف نے ملک سے باہر جانے سے متعلق بیان دیا فوجداری مقدمہ میں طے شدہ اصول ہے ملزم قصور وار ہے تو اسے سزا دی جائے، مشرف کا عدالت میں انتظار کرنے کی بجائے مقدمے کا فیصلہ سنایا جائے۔ عدالت پرویز مشرف کے رویے کا خصوصی عدالت ایکٹ کے تناظر میں جائزہ لے۔ پرویز مشرف عدالتی کارروائی کا غلط استعمال کر رہے ہیں۔